سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی میں شوٹ کی گئی ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں ایک عام پک اپ گاڑی کو ریس میں شامل دوسری گاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں 2015 ماڈل کی نسان ڈاٹسن پک اپ نظر آرہی ہے، جس میں ایک ڈرائیور ڈاکار ریلی میں شامل بیلجیئم کے ریسر کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔
یہ ویڈیو 24 سالہ سعودی ڈرائیور مشعال الشلوی کی طرف سے کیا گیا ایک مذاق تھا اور وہ اپنے آپ کو کیمرے کی زد میں لانا چاہتا تھا تا کہ منظرعام پر آجائے، مشعال الشلوی ڈاکار ریلی کے مختص ٹریک سے ہٹ کر بیلجیئم کے ڈرائیور کے ساتھ ساتھ گاڑی چلا رہا تھا۔
ٹویٹر پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ میں اور میرے دوست اپنی گاڑی میں 110 تا 120 کلو میٹر کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے کہ ہم نے اچانک ریس میں شامل گاڑی کو دیکھا جس کے بعد ہم پرجوش ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلی کے ساتھ موجود ہیلی کاپٹر سے ویڈیو گرافر نے ہمیں آگے بڑھنے کے لیے کچھ اشارے دیے جس کے بعد میں نے ریس میں شامل گاڑی کے ساتھ ساتھ اپنی گاڑی تیز چلانا شروع کردی۔
فوٹوگرافر کے اشاروں نے مجھے گاڑی مزید تیز چلانے اور ریس میں شامل گاڑی کو پیچھے چھوڑنے کا حوصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچنے کے لیے ریلی کے لیے مخصوص ٹریک کے دوسری جانب گاڑی چلا رہا تھا۔