یروشلم : اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے محض دو منٹ میں بیروت میں 20 اہداف کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری کرتے ہوئے مزید حملوں کا بھی عندیہ دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان میں 2 منٹ کے دوران20مقامات پر شدید بمباری کی ہے۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ بیروت کے علاقے میں20اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان میں جبری نقل مکانی کے مزید احکامات جاری کردیے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کے صور اور سیڈون کے علاقوں کو خالی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے لبنان پر مزید فضائی حملوں کی وارننگ بھی جاری کردی ہے۔
بیروت کے علاقے نیویری پر اسرائیلی حملے سے4منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، اسرائیل کے حملوں میں 7 لبنانی شہری شہید اور 37زخمی ہوئے۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی سے پہلے شدید حملوں کے ذریعے بدلہ لینا اور تباہی میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق یہ فضائی حملے 8 لڑاکا طیاروں کے ذریعے کیے گئے۔ حملوں میں نشانہ بنائی گئی سات عمارتیں حزب اللہ کے مالیاتی انتظام اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہی تھیں۔
دیگر 13 اہداف میں حزب اللہ کی فضائی فورسز کا مرکز، ایک انٹیلیجنس ڈویژن کا کمانڈ روم، اسلحہ کے ذخیرے، اور دیگر فوجی انفراسٹرکچر شامل تھے۔