اسلام آباد : کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں جاری لاک ڈاون کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کئے گئے "احساس ایمرجنسی کیش پروگرام” میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد نے مدد کی درخواست کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے "احساس ایمرجنسی کیش پروگرام” ان ضرورت مند افرادکی مالی معاونت کے لیے شروع کیا گیا ہے، جن کے معاشی حالات کرونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
اس پروگرام کے مستحقین میں دیہاڑی دار افراد اور مزدور سر فہرست ہیں جو کہ حفاظتی اقدامات کے باعث گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر ثانیہ نشتر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا کل بجٹ 144 ارب روپے ہے، جس سے ایک کروڑ بیس لاکھ خاندان مستفید ہوں گے اور ہر خاندان کو 12000 روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔
ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کا آغازا یس ا یم ا یس مہم کے ذریعے کیا گیا ہے، شہری 8171 پرایس ایم ایس بھیج کر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے اپنی اہلیت کو جانچ سکیں۔ اہل افراد کو بذر یعہ SMS رقم وصول کرنے کی اطلاع دی جا رہی ہے تاہم جن افراد کے کوائف کی تصدیق قومی سماجی ومعاشی سروے کے اعداد و شمارسے نہ ہو سکے گی ان کو ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سے مستحق ہونے والوں میں دو طرح کے صارفین شامل ہوں گے، پہلے سے جاری کفالت پروگرام کے 45 لاکھ موجودہ صارفین کو ماہانہ 2 ہزار روپے وظیفے کے ساتھ ساتھ اگلے چار ماہ کے لئے 10 ہزار روپے کی اضافی رقم دی جائے گی جبکہ 75 لاکھ دیگر مستحقین کو چار ماہ کی رقم 12,000 روپے یک مشت ادا کر د ی جائے گی۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ اندازاً چالیس لاکھ افراد قومی سماجی و خوشحالی سروے کے اعدادو شمار کے ذریعے اور 35 لاکھ افراد ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شامل کیے جائیں گے ، نادرا اور شراکتی بینکوں کے تعاون سے تمام ادائیگیاں بائیو میٹرک تصدیق پر مبنی نظام کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔