پیر, مارچ 24, 2025
اشتہار

اسرائیل سعودی عرب ممکنہ معاہدے پر امریکی سینیٹرز تشویش میں مبتلا ہو گئے

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان ممکنہ معاہدے پر امریکی سینیٹرز تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ممکنہ اسرائیل سعودی معاہدہ پر 20 امریکی ڈیموکریٹ سینیٹرز نے جو بائیڈن کو ایک خط لکھ کر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

ڈیموکریٹ سینیٹرز نے بدھ کے روز امریکی صدر جو بائیڈن کو خط میں لکھا کہ معاہدے کے نتیجے میں سعودی عرب کو ممکنہ سیکیورٹی گارنٹی یا جوہری تعاون کی فراہمی پر انھیں تشویش ہے۔

امریکی سینیٹرز نے اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات معمول پر لانے والے ممکنہ معاہدے کی حمایت کا اظہار کیا، لیکن ساتھ ہی ریاض کو کسی بھی امریکی سلامتی کی ضمانت یا جوہری امداد کی فراہمی سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار بھی کیا۔

صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے خط میں سینیٹرز نے اس بات پر زور دیا کہ آپس میں ان دیرینہ دشمنوں کے درمیان سفارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے اگر واشنگٹن بروکر بن کر ریاض کے مطالبات پوری کرتا ہے تو وائٹ ہاؤس کو کانگریس کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

روئٹز کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ اگرچہ بات چیت آگے بڑھ رہی ہے، لیکن ابھی اس سلسلے میں بہت زیادہ کام باقی ہے۔ بائیڈن کے ساتھی ڈیموکریٹس کی تجاویز میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعے کے دو ریاستی حل پر اتفاق ہو، تاہم اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت سے یہی توقع کی جا رہی ہے کہ وہ فلسطینیوں کو دی جانے والی کسی بھی بڑی رعایت کے خلاف مزاحمت کرے گی۔

دوسری طرف سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا آغاز کرنے کے بدلے میں ایک فوجی معاہدے کا خواہاں ہے، اور چاہتا ہے کہ امریکا کو مملکت کا دفاع کرنا ہوگا، اور اگر اسرائیل فلسطینیوں کو ریاست کے لیے بڑی رعایتیں پیش نہیں کرتا تو کوئی معاہدہ نہ ہونے کا امکان ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں