اس سال جہاں فانی کئی گہر نایاب کو چ کرگئے۔
پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی و چئیرمین اسلم اظہر
پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کے با نی رکن اور پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی و چئیرمین اسلم اظہر 29دسمبر کو پچیاسی برس کی عمر میں رحلت فرما گئے، اسلم اظہر پاکستان ٹیلی ویژن کے بانی ارکان میں سے تھے۔ مرحوم اسلم اظہر کو اُن کی قومی خدمات پر ستارہ امتیاز، پرائیڈ آف پرفارمنس اور تمغہ پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔
کمال احمد رضوی
معروف ٹی وی فنکار اور ڈرامہ نگار کمال احمد رضوی سترہ دسمبر کو انتقال کر گئے۔
کمال احمد رضوی کو اداکاری کے میدان میں ڈرامہ الف نون سے شہرت ملی اس کے علاوہ مسٹر شیطان، صاحب بی بی غلام اور آدھی بات مرحوم کے معروف ڈرامے ہیں جب کہ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ ادبی شوق بھی رکھتے تھے اور کئی ریڈیو اور ٹی وی ڈرامے بھی تحریر کیے یہی نہیں وہ مشہور ڈائجسٹ تہذیب، آئینہ اور شمع کے ایڈیٹر بھی رہے۔
معروف شاعر جمیل الدین عالی
معروف شاعر، ادیب اور دانشور جمیل الدین کا 23 نومبر کو نواسی سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔
جمیل الدین عالی کو اردو ادب میں ان کی خدمات کے اعتراف میں 1991 میں پرائڈآف پرفارمنس اور 2004 میں تمغہ امتیاز دیا گیا۔ دو تین سال تک اردو ڈکشنری بورڈ کے سربراہ رہے۔ جمیل الدین عالی نے بہت سے ملی نغمے لکھے جن میں ’ہم تاابد سعی و تغیر کے ولی ہیں، ہم مصطفوی، مصطفوی، مصطفوی ہیں، اے وطن کے سجیلے جوانو‘ جیوے، جیوے پاکستان، میرا پیغام پاکستان، اتنے بڑے جیون ساگر میں بہت مشہور ہیں۔
مخدوم امین فہیم
پیپلز پا رٹی کے ایک اور با نی رکن اور بے نظیر بھٹو شہید کے دست راست مخدوم امین فہیم کا اکیس نو مبر کو طویل علا لت کے بعد انتقال ہوا۔
سابقہ وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کے پہلے دور میں مخدوم امین فہیم 1988سے 1990تک وفاقی وزیر رہے ، پیپلز پارٹی کے دوسرے دور میں 1964 سے 1996 تک بھی ہائوسنگ اینڈ پبلک ورکس کے وفاقی وزیر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دئے ۔ اپنی حکومتی ذمہ داریوں کے دوران انہوں نے بھرپور انداز میں عوامی خدمت کی۔ شہد بے نظیر بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے تمام رہنمائوں اور کارکنوں میں جو مقام آپ کو حاصل تھا کسی اور کو وہ مقام حاصل نہیں تھا۔
بچوں کے جاسوسی ادب کے خالق اشتیاق احمد
بچوں کی ناولوں سے شہرت پانے والے اشتیاق احمد کا انتقال سترہ نو مبر کو ہوا۔
بچوں کو انسپکٹر جمشید، محمود، فاروق، فرزانہ، انسپکٹر کامران مرزا اور شوکی سیریز کے نام سے بچوں کو جاسوسی ادب سے روشناس کرانے کا سہرا مرحوم اشتیاق احمد کے سر جاتا ہے۔
ناولز تو اشتیاق احمد نے لکھے ہی لکھے، اس کے علاوہ بے شمار کہانیاں وہ لکھ چکے تھے۔ یہ کہانیاں نونہال، بچوں کا اسلام، ماہنامہ ساتھی، ذو ق وشوق میں شائع ہوتی رہتی تھیں۔ انہیں کئی ادبی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ اشتیاق احمد کی کہانہاں بچوں میں بے حد مقبول تھیں۔
علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس جاوید اقبال
معروف ادیب، دانشور ، لا ہور ہا ئیکو رٹ کے سابق چیف جسٹس اور علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس جاوید اقبال 3 اکتوبر کو انتقال کرگئے۔
جاوید اقبال 1965ء میں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے نائب صدر منتخب ہوئے جس کے بعد وہ 1971 میں لاہور ہائیکورٹ کے جج بنے اور 8 مارچ 1982سے 5 اکتوبر 1986 تک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے، جس کے بعد انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کر دیا گیا ، عدالت عظمیٰ کے سینئر جج بنے۔
جاوید اقبال نے مختلف موضوعات پر انگریزی اور اردو میں متعدد کتابیں بھی لکھی ہیں ، نظریہ پاکستان، قائداعظم کا ورثہ، افکار اقبال، اسلام اور پاکستان کی شناخت، اسلام میں ریاست کا تصور، اپنا گریبان چاک ان کی شہرہ آفاق تصانیف شمار کی جاتی ہیں۔
معروف قانون دان بیرسٹر عبدالحفیظ پیر زادہ
انیس سو تہتر کے آئین کے اہم ترین کردار، معروف قانون دان اور پیپلز پا رٹی کے با نی رکن عبدالحفیظ پیرزادہ یکم ستمبر کو انتقال کر گئے۔
بیرسٹرعبدالحفیظ پیرزادہ کا شمار ملک کے معروف قانون دانوں میں کیا جاتا تھا، جنہوں نے 1973 کے آئین کو بنانے میں اہم کردار ادا کیا جب کہ وہ پیپلزپارٹی کے بانی رہنماؤں میں شمار کیے جاتے تھے، وہ پیپلزپارٹی کےبانی ذوالفقار بھٹو کے قانونی مشیر بھی رہے اور انہوں نے ذوالفقار بھٹو کا کیس بھی لڑا۔ عبدالحفیظ پیرزادہ 1970 میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جب کہ وہ وفاقی وزیر کے فرائض بھی انجام دے چکے تھے۔
آئی ایس آئی کے سابق سربراہ حمید گل
آئی ایس آئی کے سابق سربراہ حمید گل کا انتقال پندرہ اگست کو ہوا۔
آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کا تعلق سوات کے یوسفزئی قبیلے سے تھا ۔انہوں نے 1956میں پاکستانی مسلح افواج میں کمیشن حاصل کیا جس کے بعد انہوں نے مختلف عہدوں پر مسلح افواج کے لیے کردار ادا کیا ۔انہوں نے 1965اور 1971میں پاک بھارت جنگوں میں حصہ لیا جبکہ سوویت یونین کی افغانستان میں جنگ کے دوران بھی حمید گل نے اہم کردار ادا کیا۔جنرل حمید گل نے افغانستا ن میں سوویت یونین کے خلاف مجاہدین کی فتح میں قلیدی کردار ادا کیا تھا ۔
حکومت نے جنرل حمید گل گراں قدر خدمات پر ان کو ستارہ بسالت اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا ۔1972سے 1976تک بٹالین کمانڈر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دئیے۔حمید گل نے ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس اور ڈی جی آئی ایس آئی جیسے اہم عہدوں پر اپنی خدمات سرانجام دیں ۔وہ 1987سے 1989تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے ہیں ۔
معروف مزاحیہ اداکار فرید خان
معروف مزاحیہ اداکار فرید خان کا انتقال یکم اگست کو ہوا۔
فرید خان کی وجہ شہرت سٹیج ڈرامے بنے تاہم مرحوم نے اداکار معین اختر کے ہمراہ ٹی وی کے کئی ڈراموں میں بھی اداکاری کی، انہوں نے ڈراموں کے مقابلہ میں بہترین اداکاری کے کئی ایوارڈ اپنے نام کئے۔
ناول نگار عبداللہ حسین
اردو کے عظیم ناول نگار عبداللہ حسین کا انتقال چار جولائی کو ہوا۔
عبداللہ حسین کی تخلیقی صلاحیتوں کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 2012ء میں انہیں ’کماِل فن‘ لٹریچر ایوارڈ سے نواز تھا۔ پاکستان میں یہ ایوارڈ ادب کی صنف میں سب سے زیادہ معتبر تصور کیا جاتا ہے۔
عبداللہ حسین کا ناول ’اداس نسلیں‘ اردو ادب میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس ناول کو نہ صرف اردو زبان کے قارئین کی طرف سے بہت زیادہ پذیرائی ملی بلکہ اس کے انگریزی سمیت کئی زبانوں میں تراجم بھی شائع ہو چکے ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر بہت پسند کیا گیا تھا۔