گولڈ کوسٹ : کامن ویلتھ گیمز2018رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پزیر ہوگئے، یوسین بولٹ کی میزبانی نے ایونٹ کو چار چاند لگادئیے، آسٹریلیا80گولڈ میڈل کے ساتھ سرفہرست پر رہا۔
تفصیلات کے مطابق گولڈ کوسٹ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز2018رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہوگئے، تقریب میں آسٹریلوی ثقافت کے رنگ نمایاں تھے۔
اسٹیڈیم میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ تقریب کی خاص بات اسٹار ایتھلیٹ جمیکا کے یوسین بولٹ کی میزبانی تھی، یوسین بولٹ نے اسٹیج پر ڈی جے کے فرائض انجام دیئے، جنہیں شرکانے دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔
کامن ویلتھ گیمز میں سوئمنگ پول اور ٹریک سائیکلنگ ایونٹ میں میزبان آسٹریلیا کی بادشاہت قائم رہی، آسٹریلیا نے80 گولڈ میڈل اور مجموعی طور پر198میڈل جیتے جبکہ پاکستان نے ایک گولڈ اور چار کانسی کے تمغے اپنےنام کیے۔
مزید پڑھیں: کامن ویلتھ گیمز، ریسلنگ میں پاکستان کے محمدانعام نے گولڈ میڈل جیت لیا
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی جانب سے ریسلر محمد انعام نے پہلا گولڈ میڈل جیتا، محمد انعام نے ریسلنگ کے فائنل میچ میں نائیجرین ریسلر کو چاروں شانے چت کیا۔
مزید پڑھیں: کامن ویلتھ گیمز، کینیڈا کو دو گول سے شکست، قومی ہاکی ٹیم کی ساتویں پوزیشن
علاوہ ازیں گیمز کے دوران کسی بھی ایتھلیٹ کے ڈوپ ٹیسٹ میں ملوث ہونے کا انکشاف نہیں ہوا تاہم بھارت کے ایتھلیٹس دو مرتبہ ’نو نیڈل پالیسی‘ کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے جس کی وجہ سے اس کے دونوں ایتھلیٹس کو وطن واپس بھیج دیا گیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔