سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے اسیر شہریوں کے لیے سال 2018 بھی نامہرباں رہا، ایک سال میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی تنظیم برائے انصاف اور انسانی حقوق نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی عروج پر رہی۔
سال 2018 میں مقبوضہ کشمیر میں 355 شہریوں کو شہید کیا گیا۔ شہدا میں 10 سالہ بچہ، حاملہ خواتین اور 3 پی ایچ ڈی اسکالرز بھی شامل ہیں جو بھارتی فوج کی درندگی کی بھینٹ چڑھ گئے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ، 4 کشمیری شہید
رپورٹ کے مطابق شہید کیے جانے والوں میں ایک صحافی اور 2 دماغی مریض بھی شامل ہیں جبکہ ایک 14 سالہ بھارتی لڑکا بھی اپنی ہی فوج کی سفاکی کا نشانہ بن گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کو فائرنگ اور پیلیٹ گنز کا نشانہ بنایا۔
سال بھر میں بھارتی فورسز نے 95 نام نہاد سرچ آپریشنز بھی کیے جس میں 120 مکانات مسمار کیے گئے۔
رپورٹ میں نومبر کے سال کو کشمیریوں کے لیے خونی مہینہ قرار دیا گیا، صرف نومبر میں قابض فوج نے 49 کشمیریوں کو شہید کردیا۔