سال 2023 میں بابر اعظم کے ہاتھ سے کپتانی گئی لیکن کئی عالمی ریکارڈز ان کی جھولی میں گرے جو ان کے موجودہ دور کے عظیم کرکٹرز ہونے کا ثبوت ہیں۔
سال 2023 اچھی اور بری یادوں کے ساتھ اب الوداع کہنے کو تیار ہے گزرا سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ملا جلا رہا۔ سابق کپتان بابر اعظم کے ہاتھ سے کپتانی گئی لیکن انفرادی کارکردگی ان کی نمایاں رہی جس کے باعث کئی عالمی ریکارڈز رواں سال ان کی جھولی میں آ گرے۔
حال ہی میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ اور اس سے قبل ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ملبہ حسب روایت ٹیم کپتان پر گرا۔ بابر اعظم نے وطن واپسی پر گزشتہ ماہ ازخود تینوں طرز کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا جس کے بعد پی سی بی نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ کو ٹی ٹوئنٹی کے لیے کپتان مقرر کر دیا ہے تاہم اگر پورے سال میں بابر اعظم کی مجموعی کارکردگی دیکھی جائے تو بطور کپتان ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان آتا ہے تاہم انفرادی کارکردگی ان کی بہترین رہی اور کئی عالمی ریکارڈ ان کا مقدر بنے۔
بابر اعظم کے لیے سال 2023 خاص رہا وہ تقریباً پورے سال ہی آئی سی سی رینکنگ میں ون ڈے کے نمبر ون بیٹر رہے اور 900 دن سے زائد دنوں تک نمبر ون بیٹر کا تاج اپنے سر پر سجائے رکھنے کے بعد ورلڈ کپ کے دوران اس اعزاز سے محروم ہو کر دوسری پوزیشن پر جا پہنچے تاہم اس سال انہوں نے کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے۔
بابر اعظم کی صلاحیتوں کا حکومتی سطح پر اعتراف کیا گیا اور ان کی اعلیٰ کارکردگی پر انہیں یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ستارہ امتیاز سے نوازا۔
سال 2023 میں سابق کپتان ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 9 ہزار رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں انہوں نے یہ کارنامہ 245 اننگز میں انجام دیا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل کےپاس تھا جنہوں نے 249 رنز میں 9 ہزار رنز بنائے تھے۔
بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شاندار سنچری اسکور کر کے ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اپنا 101 واں میچ کھیلنے والے بابراعظم بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پلیئر بن گئے۔ انہوں نے بھارتی کپتان روہت شرما کا ریکارڈ توڑ ڈالا جو دو سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھے۔ بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں بطور کپتان 3 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے ایک ہی میچ میں انہوں نے دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ کیویز کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں میں بابر اعظم تیز ترین پانچ ہزار رنز اور تیز ترین 18 سنچریاں بنانے والے بیٹر بنے اور ہاشم آملہ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ بابر اس سنگ میل تک 97 اننگز میں پہنچے جبکہ سابق پروٹیز بیٹر کو 102 اننگ کا سہارا لینا پڑا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو اگست میں شاندار کارکردگی پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جو مجموعی طور پر تیسرا ایوارڈ تھا جب کہ گزشتہ سال آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر اور آئی سی سی مینز او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر کے لیے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کے اپنے نام کیا تھا۔
بابر اعظم کی قیادت میں رواں سال پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ایک ون ڈے ٹیم بنی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سال بعد ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور پانچ میچوں کی سیریز میں چار صفر سے فتح سمیٹی۔ سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز اور افغانستان کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ڈرا رہیں، تاہم آخری دو اسائنمنٹ ایشیا اور ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی جس کی وجہ نسیم شاہ کے ان فٹ ہونے سے بولنگ اٹیک کا ردھم ٹوٹنا بھی رہا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سال 2023 میں مجموعی کارکردگی!
واضح رہے کہ بابر اعظم اب تک تینوں طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 12986 رنز بنا چکے ہیں۔ سابق کپتان نے 49 ٹیسٹ میچوں میں 3772 رنز بنائے ہیں جن میں 9 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
انہوں نے 117 ایک روزہ میچوں میں 5729 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 19 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ 104 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 3 سنچریوں اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے 3485 رنز بنائے ہوئے ہیں۔