پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

2023: وہ سال جس نے دنیا کو موت اور تباہی کا پیغام دیا، عالمی سطح کے اہم ترین واقعات

اشتہار

حیرت انگیز

رواں سال 2023 ایک ایسے سال کے طور پر گزرا ہے جس نے دنیا کو خون، موت اور تباہی کے کئی درد ناک رنگ دکھائے، جب ایک طرف سرمایہ داروں کی بنائی ہوئی یہ جدید دنیا انسانوں کی عظیم بے حسی کی عکاسی کرتی رہی، اور دوسری طرف درد مند دل انسانیت کی مدد کے لیے والہانہ طور پر آگے بڑھتے رہے، اور اپنی دولت اور اپنی آواز کے ساتھ اس کرہ ارض پر موجود انسانیت کا بھرم قائم کرتے رہے۔

اس سال نے اگر ایک طرف سیاسی بحرانوں میں آنکھ کھولی ہے تو دوسری طرف انسانی بحرانوں کو بھی عروج پر جاتے دیکھا، اور نہ صرف خود درد سے کُرلایا بلکہ لاکھوں انسانوں کی آنکھیں نم کر دیں۔ اس برس نے آسمان سے بھی برستی موت کا خوف ناک نظارہ دیکھا، اور زمین سے بھی دلدوز گڑگڑاہٹوں کے ساتھ نکلنے اور انسانی وجود کو نگل جانے والے پاتالی اندھیروں کا تماشا کیا۔

افغانستان کو موت بانٹنے والی سرد لہر نے ڈھانپ لیا

10 جنوری 2023 کو افغانستان میں سردی کی لہر شروع ہوئی، جس میں درجہ حرارت منفی 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، اور پہاڑی علاقوں میں 30 سینٹی میٹر (12 انچ) تک برف باری ہوئی۔ شدید سردی کی وجہ سے کم از کم 166 افراد جاں بحق ہوئے، یہ 2023 کے ’سائیکلون فریڈی‘ سے قبل کا مہلک ترین موسمی واقعہ تھا جس میں تقریباً 80 ہزار مویشی ہلاک ہوئے۔

- Advertisement -

سردی کی یہ قاتل لہر اس وقت آئی جب افغانستان پہلے ہی سے قحط کا سامنا کر رہا تھا، جس سے نصف سے زیادہ افغان آبادی متاثر تھی، کیوں کہ 2021 میں طالبان کے حملے اور امارت اسلامیہ افغانستان کے دوبارہ قیام کے بعد غیر ملکی امداد محدود ہو گئی تھی۔

جب نیپالی طیارہ 72 مسافروں کو لے کر زمین بوس ہو گیا

15 جنوری 2023 کا دن تھا، جب یٹی ایئر لائنز کی ڈومیسٹک پرواز 691 نیپال میں کھٹمنڈو سے پوکھرا کے لیے طے شدہ اڑان پر تھی۔ جیسے ہی طیارہ پوکھرا ایئرپورٹ پہنچا، لینڈنگ کے دوران اچانک فضا میں رک گیا اور گر کر تباہ ہو گیا، اس میں سوار تمام 72 افراد ہلاک ہو گئے۔

حادثے سے ذرا دیر قبل اور اس کے دوران طیارے میں سوار ایک مسافر سونو جیسوال نے فیس بک پر ایک ویڈیو لائیو اسٹریم کی تھی، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مسافر تباہی سے کچھ سیکنڈ پہلے تک بھی صورت حال سے بے خبر تھے۔ یہ نیپال کا سب سے مہلک فضائی حادثہ تھا۔ حادثے کی وجہ طیارے میں تکنیکی خرابی بتائی گئی۔

2023 میں اسرائیل اور فلسطین جھگڑے نے اچانک زور پکڑ لیا

26 جنوری کو فلسطینی شہر جنین میں اسرائیلی فورسز نے مہلک ترین چھاپا مارا، یہ دن فلسطینیوں کے لیے بہت مہلک ثابت ہوا جب مختلف واقعات میں صہیونی فورسز نے 30 فلسطینیوں کو شہید کیا۔ اس کے بعد اسرائیل میں وسیع پیمانے پر بدامنی پھوٹ پڑی، حملوں کے جواب میں اسرائیلی آبادی والے علاقوں میں آگ لگانے والے ہوائی غبارے چھوڑے گئے، جس کے جواب میں اسرائیل نے ٹارگٹڈ فضائی حملے کیے۔ 7 یہودی شہریوں کو ایک یہودی عبادت گاہ میں قتل کر دیا گیا۔

پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں قیامت خیز خود کش دھماکے میں 100 سے زیادہ افراد جاں بحق

30 جنوری کو پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں ہولناک اور تباہ کن خودکش دھماکے کے نتیجے میں 100 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس واقعے 235 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے، آئی جی سی ٹی ڈی خیبر پختون خوا شوکت عباس نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حملے کے ماسٹر مائنڈ اور خودکش حملہ آور کے ہینڈلر کو ٹریس کیا گیا، دھماکا کالعدم ٹی ٹی پی جماعت الاحرار گروپ نے کیا اور دھماکے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔

دھماکے کے بعد امتیاز خان نامی ایک ملزم کو گرفتار کر کے میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا، اور بتایا گیا کہ امتیاز اور خود کش حملہ آور نے افغانستان کے ایک مرکز اخنتے میں ٹریننگ لی۔

چین کے مبینہ جاسوس غباروں نے امریکی آسمان میں ہلچل مچا دی

چین سے نکلنے والے ایک اونچائی کے غبارے نے شمالی امریکا کی فضائی حدود بشمول الاسکا، مغربی کینیڈا اور متصل ریاستہائے متحدہ امریکا میں پرواز کی، جس نے امریکا میں ہلچل مچا دی، اور دونوں ممالک میں کشیدہ تعلقات مزید تناؤ میں آ گئے۔

4 فروری کو آخر کار امریکی فضائیہ نے جنوبی کیرولائنا کے ساحل پر امریکی علاقائی پانیوں کے اوپر اس غبارے کو مار گرایا، ملبے سے ملنے والی اشیا کو تجزیے کے لیے ورجینیا میں ایف بی آئی کی لیبارٹری بھیجا گیا۔ جون میں ملبے کے ابتدائی تجزیے کے بعد امریکی حکام نے بتایا کہ غبارے میں انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کا سامان تھا لیکن ایسا نہیں لگتا کہ اس نے چین کو معلومات واپس بھیجی ہیں۔ امریکی صدر بائیڈن نے کہا غبارہ دو ریل روڈ کاروں کے مساوی جاسوسی سازوسامان لے جا سکتا تھا، تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ چینی قیادت کو اس غبارے کے بارے میں علم نہیں تھا۔

تاریخ کے طویل سمندری طوفان فریڈی سے 1,400 ہلاکتیں

5 فروری کو بحر ہند میں بننے والا طوفان فریڈی تاریخ کا طویل ترین اور نہایت طاقت ور طوفان بن گیا، جس نے غضب ناک ٹراپیکل طوفان بن کر جنوب مشرقی افریقہ میں ایک ہزار چار سو سے زیادہ افراد کو موت کی نیند سلا دیا، اور لاتعداد لوگ زخمی ہوئے، املاک کو بھی وسیع سطح پر نقصان پہنچا۔

فریڈی نامی یہ ٹراپیکل سائیکلو انتہائی شدید تھا، یہ غیر معمولی طور پر طویل اور طاقت ور اور مہلک ہو گیا تھا، اس نے فروری اور مارچ 2023 میں پانچ ہفتوں سے زیادہ عرصے تک جنوبی بحر ہند کو عبور کیا۔ ماریشس کے شمال مشرق میں تائیوان کے جھنڈے والا بحری جہاز اس طوفان کی زد میں آ کر 16 عملے کے ساتھ لاپتا ہوا۔ ملاوی میں کم از کم 1,216 افراد ہلاک ہوئے، موزمبیق میں 198 اور مڈغاسکر میں 17 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طوفان سے مجموعی نقصانات کا تخمینہ 655 ملین امریکی ڈالر لگایا گیا، جس سے یہ آئیڈائی کے بعد جنوب مغربی بحر ہند میں دوسرا سب سے مہنگا طوفان ثابت ہوا۔

ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلہ 50 ہزار زندگیاں نگل گیا

6 فروری کو ترکیہ میں 7.8 طاقت کا ایک تباہ کن زلزلہ آیا، جس نے جنوبی اور وسطی ترکی اور شمالی اور مغربی شام کو ہلا کر رکھ دیا، اور ہر طرف تباہی کے دل دہلا دینے والے مناظر چھوڑ دیے، اس کے بعد اسی دن 7.7 میگنی ٹیوڈ کے آفٹر شاک نے رہی سہی کسر پوری کی اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا اور تقریباً 50 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں اور 121,000 افراد زخمی ہوئے۔

یہ زلزلہ 20 سال سے زائد عرصے میں زلزلے کے شکار ترکی میں آنے والا سب سے زیادہ تباہ کن تھا، 1939 میں آنے والا سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ تھا۔ یکم مارچ تک 11,000 سے زیادہ آفٹر شاکس آئے تھے۔

یورپ میں 2035 کے بعد نئی پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی فروخت پر پابندی

14 فروری کو یورپی پارلیمنٹ نے یورپ میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے 2035 سے یورپی یونین میں نئی پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کی منظوری دے دی۔

یونان ٹرین حادثے میں 57 افراد ہلاک

28 فروری کو یونان کے شہر تھیسالی میں ٹرین حادثے میں 57 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ یہ حادثہ یونانی ریلوے کی حالت اور ان کی بدانتظامی کے خلاف ملک گیر احتجاج اور ہڑتالوں کا باعث بنا۔ یہ حادثہ رات کو لاریسا کے وسطی شہر کے باہر اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت ایتھنز سے تھیسالونیکی جانے والی ایک مسافر ٹرین شمالی شہر سے جانے والی کارگو ٹرین سے ٹکرا گئی۔ حادثہ انسانی غلطی قرار دیا گیا، اور یونان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد اپنا ’فرض‘ سمجھتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔

شی جن پنگ چین کے صدر بن گئے

دس مارچ کو 2023 کے چینی صدارتی انتخابات میں نیشنل پیپلز کانگریس نے متفقہ طور پر شی جن پنگ کو عوامی جمہوریہ چین کا صدر منتخب کر لیا، یہ تیسری بار تھا جب شی جن پنگ چین کے صدر منتخب کیے گئے، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

اس سال چین نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مقابل مشرقی ایشیا میں ایک طاقت ور ملک کے طور پر بے مثال قیادت کا مظاہرہ کیا، اور شمالی ایشیا میں روس کے ساتھ تال میل قائم کر کے مغربی بلاک کے لیے بڑے چینلج کے طور پر سامنے آیا۔

ایران سعودی تعلقات: 2023 کا ایک اور اہم سیاسی واقعہ

دو ہزار تئیس کے عالمی سیاسی واقعات کا یہ ایک اہم واقعہ ہے کہ ایک عرصے سے مخاصمت رکھنے والے ممالک ایران اور سعودی عرب نے تعلقات بہتر کرنے کے لیے بات چیت کا آغاز کر دیا، اور اس کے لیے چین نے ثالثی کی خدمات پیش کیں۔

10 مارچ ہی کو چین کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت میں سعودی عرب اور ایران نے 2016 میں منقطع ہونے والے سفارتی تعلقات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ مشرق وسطیٰ کی ان دو حریف طاقتوں کی دشمنی کی وجہ سے خلیج میں استحکام اور سلامتی کو خطرہ لاحق تھا اور یمن سے شام تک مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو ہوا دینے میں مدد ملی تھی۔ تہران اور ریاض نے دو ماہ کے اندر سفارتی تعلقات بحال کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا اور جون میں ایران نے ریاض میں سفارت خانہ کھولا۔

بڑا معاشی زلزلہ: جب امریکی بینک کی ناکامی نے دنیا بھر کی کمپنیوں کو ہلا کر رکھ دیا

یہ سال صرف زلزلوں اور سمندری طوفانوں ہی کی زد میں نہ رہا، بلکہ اس نے اقتصادی میدان میں بھی زلزلے پیدا کیے، ایسا ہی ایک بڑا معاشی زلزلہ 10 مارچ کو آیا جب امریکا کا سولہواں سب سے بڑا بینک ’سلیکون ویلی بینک‘ بحران کا شکار ہو کر ناکام ہو گیا۔

یہ 2008 کے مالیاتی بحران کے بعد سب سے بڑی بینک ناکامی تھی، جس سے دنیا بھر کی کمپنیاں متاثر ہوئیں۔ یہ امریکی تاریخ میں بینک کی تیسری سب سے بڑی ناکامی تھی، اس سے قبل سلور گیٹ بینک اور سگنیچر بینک دیوالیہ ہو گئے تھے۔ بینک کے اس زوال کی کئی وجوہ تھیں، جن میں سرمایہ کاری میں عدم تنوع کا ہونا اور روایتی انداز میں بینک چلانا شامل تھیں۔ اور پھر صارفین کی بڑی تعداد نے بہ یک وقت سالوینسی کے خوف سے اپنی سرمایہ کاری نکال لی۔

یکم مئی 2023 کو بینکنگ بحران کا ایک اور واقعہ رونما ہوا جب سان فرانسسکو میں قائم فرسٹ ریپبلک بینک بھی دیوالیہ کر گیا اور 10.7 ارب ڈالرز میں نیلام کر دیا گیا۔ اس کے نقصان نے سلیکون ویلی بینک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور دیوالیہ ہونے والا امریکی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا بینک بن گیا۔

ٹیکنالوجی کا اہم واقعہ جب چیٹ جی پی ٹی 4 لانچ کیا گیا

یہ سال ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے نہیں رہا ہے، 14 مارچ کو OpenAI نے ChatGPT کے لیے زبان کا ایک بڑا ماڈل GPT-4 لانچ کیا، جو تصاویر پر بھی رد عمل ظاہر کر سکتا تھا اور 25,000 الفاظ کو پروسیس کر سکتا تھا۔

دنیا کے دولت مند انسان ایلون مسک نے اپنی کمپنی اسپیس ایکس کے تحت اب تک بنایا گیا سب سے بڑا اور طاقت ور راکٹ بنوایا، 20 اپریل کو یہ اسٹار شپ راکٹ ٹیکساس سے آزمائشی پرواز میں لانچ ہوا لیکن صرف 4 منٹ کے بعد ہی پھٹ گیا۔

پہلا مصنوعی انسانی جنین: 14 جون کو حیاتیات کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی جب سائنس دانوں نے سپرم یا بیضے کے خلیات کی ضرورت کے بغیر اسٹیم سیلز سے پہلا مصنوعی انسانی جنین (ایمبریو) بنانے کی خبر دے دی۔ یہ کارنامہ اسرائیلی سائنس دانوں نے انجام دیا تھا۔ یہ ماڈل 14 ویں دن کے جنین سے مشابہ تھا جب جسمانی اعضا کی بنیاد رکھے جانے سے قبل اس کی اندرونی ساخت بننے لگتی ہے۔ یہ ریسرچ اسٹڈی نیچر نامی جریدے میں شائع ہوئی۔ تاہم اسرائیلی ٹیم نے واضح طور پر کہا کہ ابھی ہم ایک مکمل جنین بنانے سے کوسوں دور ہیں۔

23 اگست کو جنوبی ایشیا میں بھی ایک اہم واقعہ رونما ہوا جب بھارت کا چندریان 3 چاند کے جنوبی قطب کے قریب اترنے والا پہلا خلائی جہاز بن گیا۔ اس کے بعد 2 ستمبر کو انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے بھارت کا پہلا شمسی مشاہداتی مشن Aditya-L1 کامیابی کے ساتھ لانچ کیا۔

جب روسی صدر پیوٹن کی گرفتاری کا وارنٹ جاری ہوا

بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 17 مارچ کو روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور بچوں کے حقوق کی روسی کمشنر ماریا لیووا بیلووا کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا، یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کسی مستقل رکن کے رہنما کے خلاف پہلا وارنٹ گرفتاری تھا۔

یہ وارنٹ یوکرین میں جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی تحقیقات کے بعد آئی سی سی کی جانب سے جاری کیا گیا تھا، ان پر الزام تھا کہ روس یوکرین جنگ کے دوران انھوں نے بچوں کی غیر قانونی ملک بدری اور منتقلی کا ارتکاب کیا ہے۔ اس وارنٹ کی وجہ سے آئی سی سی کے 123 رکن ممالک میں اگر پیوٹن اور لیووا بیلووا میں سے کوئی قدم رکھتا ہے تو یہ ممالک ان کو حراست میں لینے اور عالمی عدالت میں منتقل کرنے کے پابند ہوں گے۔

کھیلوں کی دنیا میں صنف سے متعلق ایک بڑا واقعہ

23 مارچ کو کھیلوں کی عالمی تنظیم ورلڈ ایتھلیٹکس نے ٹرانس وومین پر خواتین کے مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کر دی، ایسی خواتین جو مردانہ بلوغت سے گزرتی ہیں۔ تنظیم کے صدر نے فیصلے کے بعد تسلیم کیا کہ یہ متنازعہ ہو سکتا ہے، تاہم کھیلوں میں یہ انصاف پسندی کے لیے ضروری ہے، جسمانی کارکردگی اور مردانہ خصوصیت سے متعلق سائنس بھی اس طرح رہنمائی کرتی ہے۔

عدالتی اصلاحات پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف مظاہروں کی آگ

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عدالتی اصلاحات متعارف کرائیں، تو ان کے اپنے وزیر دفاع نے اس پر تنقید کی، جنھیں نیتن یاہو نے برطرف کر دیا۔ اس کے بعد 26 مارچ کو ان کے خلاف اسرائیل میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہو گئے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے معافی مانگ لی

یہ مظاہرے ملک بھر کے گلی کوچوں میں ہونے لگے، ہزاروں مظاہرین نکل کر نیتن یاہو کے خلاف احتجاج کرنے لگے، اور یہ مظاہرے کئی ماہ تک جاری رہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ اصلاحات ختم کی جائیں اور وہ مستعفی ہوں۔ نیتن یاہو کے مخالفین کا کہنا تھا کہ یہ اصلاحات عدالتی نظام کو کمزور کر کے ملک کی جمہوریت کو شدید نقصان پہنچائیں گی، وہ نظام جو حکومتی اختیارات کے استعمال کو روکنے کا واحد ذریعہ ہے۔

فن لینڈ نیٹو ممبر بن گیا، جرمنی میں‌ نیوکلیئر پاور کا خاتمہ

4 اپریل کو فن لینڈ نیٹو کا 31 واں رکن ملک بن گیا، جس سے روس کے ساتھ نیٹو اتحاد کی سرحد اور مضبوط ہو گئی۔ دوسری طرف روسی حملے کا سامنا کرنے والے یوکرین نے بہت کوششیں کیں لیکن رکن بنائے جانے کے لیے اس کی درخواست ملتوی ہی رکھی گئی۔

جرمنی میں 50 سال بعد آخری پاور پلانٹس کی بندش کے ساتھ اپریل میں جوہری توانائی کا دور ختم ہو گیا۔ جرمنی میں 1960 کی دہائی سے لے کر اپریل 2023 تک مرحلہ وار خاتمے تک نیوکلیئر پاور کا استعمال کیا گیا۔ جرمن نیوکلیئر پاور کا آغاز ریسرچ ری ایکٹرز سے ہوا تھا، اور پہلا تجارتی پلانٹ 1969 میں آن لائن آیا، اور 1990 تک جرمنی میں پیدا ہونے والی بجلی کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ جوہری توانائی کا تھا۔

429 افراد کا اجتماعی خود کشی کا دل دہلا دینے والا اقدام

یہ 25 اپریل کا دن تھا جب ایک دل دہلا دینے والی خبر نے دنیا بھر کے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ کینیا کے جنگل شاکاہولا میں ایک فرقے کی اجتماعی خودکشی کا راز فاش ہوا۔ گڈ نیوز انٹرنیشنل منسٹریز نامی فرقے کے 429 پیروکار پورے جنگل میں ادھر ادھر بکھری قبروں میں پائے گئے، اور معلوم ہوا کہ 613 سے زیادہ لوگ لاپتا ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں 184 بچے بھی شامل تھے، یہ سب پچاس سالہ پال مکینزی نامی پادری کے پیروکار تھے جسے واقعے کے بعد گرفتار کیا گیا، جنھوں نے اپنے معتقدین کو یقین دلایا تھا کہ 15 اپریل کو دنیا ختم ہو جائے گی اور شیطان 1000 سال تک حکومت کرے گا۔ انھوں نے پیروکاروں کو حکم دیا کہ وہ اپنے آپ کو اور اپنے بچوں کو بھوکا ماریں تاکہ وہ اس تاریخ سے پہلے جنت میں جا سکیں۔ اس واقعے میں زندہ بچ جانے والوں نے ریاست کو چیلنج کیا کہ وہ ثبوت فراہم کرے کہ بچے جنت میں نہیں ہیں۔

5 مئی، وہ دن جب ڈبلیو ایچ او نے کرونا کی ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان کر دیا

تین سال قبل جب دنیا کو چین کے شہر ووہان سے نکلنے والے تباہ کن وائرس ’کووِڈ نائنٹین‘ نے اپنی لپیٹ میں لیا تو اس نے 59 لاکھ لوگوں کی جانیں لیں، اور دنیا بھر کی معیشتوں کو تہ و بالا کر کے رکھ دیا، کرونا وائرس کی عالمگیر وبا وسیع سطح پر لوگوں کے رویوں میں بڑے بدلاؤ کی بھی باعث بنی۔

آخر کار یہ 5 مئی کا ایک خوش گوار دن تھا جب ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے COVID-19 کو عالمی صحت کی ایمرجنسی قرار دینے کا اعلان ختم کر دیا، تاہم اسے وبائی مرض سمجھنا برقرار رکھا گیا۔ مجموعی طور پر اس وبا نے 231 ممالک اور خطوں میں 69 کروڑ 98 لاکھ 3 ہزار افراد کو متاثر کیا، جن میں سے 69 لاکھ 57 ہزار مر گئے، اور 67 کروڑ 11 لاکھ 89 ہزار صحت یاب ہوئے۔ سب سے زیادہ لوگ امریکا میں 11 لاکھ 89 ہزار 379 افراد ہلاک ہوئے، برازیل میں 7 لاکھ 8,237 افراد، اور تیسرے نمبر پر بھارت میں 5 لاکھ 33,309 افراد ہلاک ہوئے۔

بادشاہ چارلس اور ملکہ کیملا کی تاج پوشی

6 مئی کو لندن میں ویب منسٹر ایبے میں برطانیہ کے بادشاہ اور ملکہ کے طور پر چارلس III اور کیملا کی تاج پوشی کی تقریب منعقد ہوئی۔ چارلس نے 8 ستمبر 2022 کو اپنی والدہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد تخت سنبھالا۔ چارلس اور کیملا کی تاج پوشی 21 ویں صدی میں کسی برطانوی بادشاہ کی پہلی اور 1066 میں ولیم دی فاتح کی تاج پوشی کے بعد سے ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہونے والی 40 ویں تاج پوشی تھی۔ تقریب کے لیے 203 ممالک سے تقریباً 2,200 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا، جن میں سربراہان مملکت بھی شامل تھے، اس وقت کے پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اس تقریب میں شرکت کی تھی۔

سمندری طوفان موچا نے میانمار اور بنگلادیش میں 400 جانیں لے لیں

9 مئی کو بحر ہند میں سمندری طوفان موچا بنا، جو میانمار اور بنگلادیش سے ٹکرایا اور وہاں 400 سے زائد افراد ہلاک اور 700 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

19 جولائی کو مشرقی بحرالکاہل میں سمندری طوفان ڈوکسوری نے جنوب مشرقی ایشیا میں 137 افراد کی جانیں لے لیں۔

رجب طیب اردوان تیسری بار ترکیہ کے صدر منتخب

28 مئی 2023 کو ترکی کے صدارتی انتخابات کا دوسرا دور منعقد ہوا، جس میں رجب طیب اردوان 52.18 فی صد ووٹوں کے ساتھ کمال قلیچدار اوغلو کو شکست دے کر تیسری بار صدر منتخب ہو گئے۔

جب بھارتی ریاست اڑیسہ میں 3 ٹرینیں ٹکرا کر تباہی مچ گئی

2 جون کو مشرقی ہندوستان کی ریاست اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں اُس وقت تین ریل گاڑیوں کا ہولناک تصادم ہوا جب کورومنڈل ایکسپریس پوری رفتار سے بہناگا بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب مین لائن کی بجائے پاسنگ لوپ میں داخل ہوئی اور مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ کورومنڈل ایکسپریس کی تیز رفتاری کی وجہ سے اس کے 21 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور ان میں سے تین ملحقہ ٹریک پر آنے والی بنگلورو ہاؤڑا سپر فاسٹ ایکسپریس سے ٹکرا گئے۔

اس حادثے میں 296 افراد ہلاک اور 1200 سے زائد زخمی ہوئے۔ 1995 میں فیروز آباد ریل تصادم کے بعد یہ بھارت کا سب سے مہلک ریلوے حادثہ تھا۔

ٹائٹن آب دوز کے واقعے نے دنیا بھر کے لوگوں کو افسردہ کر دیا

یہ 18 جون کا دن تھا جب غرق شدہ مشہور تاریخی بحری جہاز ٹائٹینک کے ملبے کو دیکھنے کے لیے جانے والے ایک آب دوز غائب ہو گیا۔ جلد ہی معلوم ہو گیا کہ اوشیانوگیٹ نامی کمپنی کی یہ آب دوز پانیوں کی گہرائی میں جا کر پریشر برداشت نہ کر سکی اور پھٹ گئی، اور اندر موجود پانچوں افراد ہلاک ہو گئے۔

یہ افسوس ناک واقعہ نیو فاؤنڈ لینڈ، کینیڈا کے ساحل پر شمالی بحر اوقیانوس میں پیش آیا، اس آب دوز میں پانچ مشہور اور جانی پہچانی شخصیات سوار تھیں۔ ان میں خود اوشیانوگیٹ کے امریکی سربراہ اسٹاکٹن رش بھی شامل تھے۔ ایک ان میں سے گہرے سمندر کے فرانسیسی غوطہ خور پال ہنری نارگولیٹ بھی تھے جو ٹائٹینک ایکسپرٹ سمجھے جاتے تھے۔ باقی تین افراد میں ایک برطانوی تاجر ہمیش ہارڈنگ تھے، اور ایک پاکستانی برطانوی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کا بیٹا سلیمان تھے۔ اس آب دوز کا ملبہ حادثے کے چار دن بعد ملا تھا۔

یوکرین جنگ کے دوران کرائے کے فوجی ویگنر گروپ کی روس کے خلاف بغاوت

23 جون کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو یوکرین جنگ کے دوران اچانک کرائے کے فوجی ویگنر گروپ کی بغاوت نے اس وقت پریشانی میں مبتلا کر دیا، جب اس کے سربراہ یوگینی پریگوزن نے روسی فوج کے ساتھ مسلح تصادم شروع کر دیا، اور روسٹو-آن-ڈان شہر اور ورونیز اوبلاسٹ کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا، تاہم اگلے دن بیلاروسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی ثالثی میں ہونے والے امن معاہدے کے بعد وہ پیچھے ہٹ گیا۔

وہ بغاوت سے قبل ولادیمیر پیوٹن کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا تھا۔ چوں کہ پرائیویٹ فوجی کمپنی کے علاوہ وہ ریستورانوں اور کیٹرنگ کمپنیوں کے بھی مالک تھا اس لیے بعض اوقات انھیں ’پیوٹن کا شیف‘ بھی کہا جاتا تھا۔ اس نے یوکرین پر روسی حملے میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس کی وجہ سے ایف بی آئی نے اس کے سر پر انعام بھی رکھا تھا، تاہم بغاوت کے بعد جب وہ اپنی فوج بیلاروس منتقل کرنے پر راضی ہوا، ٹھیک دو ماہ بعد 23 اگست 2023 کو وہ دیگر 9 افراد کے ساتھ ایک فضائی حادثے میں مارا گیا۔ امریکی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ جہاز کے اندر بم یا دھماکا خیز مواد پھٹنے سے طیارہ تباہ ہوا۔

حماس کے حملے سے کئی ماہ قبل اسرائیلی فوج کا بڑا حملہ

یہ 3 جولائی کا دن تھا جب دوسری انتفاضہ کے بعد مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے سب سے بڑی دراندازی کی، اسرائیلی فورسز نے جنین کیمپ میں بڑی تعداد میں زمینی افواج داخل کر دیں اور مسلح ڈرون تعینات کیے، اس خونی آپریشن میں جسے اسرائیل نے ’آپریشن ہوم اینڈ گارڈن‘ کا نام دیا، 13 فلسطینی شہید کیے گئے اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ اگلے ہی دن حماس اس دراندازی کا جواب دیتے ہوئے تل ابیب میں حملہ کرتے ہوئے 9 اسرائیلیوں کو زخمی کیا۔

جب وسیع سطح پر جنگلات میں آتش زدگی نے یونان کو جہنم بنا دیا

17 جولائی 2023 کا دن تھا جب یونان میں متعدد جنگلات کی آگ لگنا شروع ہو گئی، اور پھیلتی ہی چلی گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 28 اموات ہوئیں اور 75 افراد زخمی ہوئے، اس واقعے میں 80 سے زیادہ مقامات پر جنگلوں میں آگ لگی، اور حکومت نے 79 افراد کو آتش زنی کے الزام میں گرفتار کیا۔

ایک اور پریشانی یہ کھڑی ہو گئی کہ اس آگ سے شہروں کا درجہ حرارت بہت بڑھ گیا، روڈس شہر کا درجہ حرارت 45.0 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، اور یونان کو طویل ترین ہیٹ ویو نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جو 16سے 17 دن تک جاری رہی۔ نتیجے کے طور پر ہزاروں سیاح روڈس سے بھاگ گئے، حکام کا کہنا تھا کہ یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا انخلا تھا۔

جب پاکستان کے شہر خار میں خودکش دھماکے میں 63 افراد جاں بحق ہوئے

30 جولائی 2023 کو پاکستان کے خیبر پختون خواہ کے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جلسے میں ایک خودکش بم دھماکا ہوا، جس میں کم از کم 63 افراد جاں بحق اور تقریباً 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ حملے میں جے یو آئی (ف) کے مقامی رہنما مولانا ضیاء اللہ بھی جاں بحق ہوئے، اسلامک اسٹیٹ خراسان سے وابستہ داعش نے خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی۔

گلوبل وارمنگ سے متعلق اگست کی پہلی تاریخ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اس برس مجموعی طور پر زمین کو ماحولیاتی بدلاؤ نے بری طرح جکڑے رکھا ہے، یکم اگست وہ دن ہے جب دنیا کے سمندروں کا درجہ حرارت نئی ریکارڈ سطح 20.96 ڈگری سینٹی گریڈ (69.73 °F) تک پہنچ گیا، یہ 2016 کے پچھلے ریکارڈ سے زیادہ تھا۔ جب کہ جولائی کا مہینہ عالمی سطح پر زمین کی سطح کے اوسط درجہ حرارت کے حساب سے گرم ترین مہینہ رہا۔ زمین کی سطح کا درجہ حرارت زمین یا سمندر سے 2 میٹر بلندی سے لیا جاتا ہے، یہ وہی ہے جو روزانہ موسم کی رپورٹ میں شامل ہوتا ہے۔

سمندری طوفان ہلیری __ 16 سے 21 اگست کے درمیان زمرہ 4 کا طاقت ور سمندری طوفان ہلیری پہلے باجا کیلیفورنیا کے جزیرہ نما اور بعد میں جنوبی کیلیفورنیا سے ٹکرایا، یہ اس خطے کا 84 سالوں میں پہلا طوفان تھا۔ اس طوفان نے میکسیکو کے بحر الکاہل کے ساحل، باجا کیلیفورنیا جزیرہ نما اور جنوب مغربی امریکا میں طوفانی بارشیں اور تیز ہوائیں پیدا کیں، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلاب اور مٹی کے تودے گرے۔ یہ طوفان 2023 کے پیسیفک سمندری طوفان کے سیزن کا آٹھواں نام والا طوفان تھا، چھٹا سمندری طوفان (یعنی ہریکن)، اور چوتھا بڑا سمندری طوفان (میجر ہریکن) تھا۔

ہوائی کے جنگلات کی آگ نے بڑی تباہی پھیلا دی، 100 افراد جل مرے

اگست کی 8 ویں تاریخ کو امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے ماوی پر جنگلات کی آتش زدگی کا ایک سلسلہ شروع ہوا، ہوا نے اس آگ کو اتنا پھیلایا کہ بڑی تعداد میں لوگ انخلا پر مجبور ہو گئے، بہت بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، اس آگ سے 17,000 ایکڑ جنگلاتی اراضی جل کر راکھ ہو گئی اور کم از کم 100 افراد ہلاک اور ماوی کے شمال مغربی ساحل پر واقع لاہینا قصبے میں چار افراد لاپتا ہو گئے۔ جنگل کی آگ کا پھیلاؤ اتنا زیادہ تھا کہ اس کی وجہ سے ہوائی کے شمال میں ایک مضبوط ہائی پریشر والا علاقہ اور جنوب میں سمندری طوفان ڈورا پیدا ہوا، جو جزیرے پر خشک اور طوفانی حالات کا سبب بنے۔

21 اگست کو کینیڈا کے جنگل میں لگنے والی آگ اتنی خوف ناک تھی کہ شمال مغربی علاقے سے 68 فی صد آبادی ملک کے دوسرے حصوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوئی۔

8 ستمبر کا تباہ کن دن جب طاقت ور زلزلے نے مراکش میں تباہی مچا دی

یہ آٹھ ستمبر کا دن تھا کہ مراکش بھی دیگر کئی ممالک کی طرح ایک تباہ کن زلزلے کا شکار ہوا، یہ زلزلہ 6.9 شدت کا تھا جس کا مرکز مغربی مراکش میں صافی صوبہ تھا، پہاڑی علاقے میں اس زلزلے نے بے حد تباہی مچائی، اور کم از کم 2,960 افراد ہلاک اور تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ اس زلزلے سے پانچ صوبے متاثر ہوئے تھے۔

10 ستمبر کا ہلاکت خیز دن جب سیلاب نے لیبیا کے شہر درنۃ کو ملیا میٹ کر دیا

اس سال کی ماحولیاتی تباہیوں کا سلسلہ نہیں رک سکا تھا، اور پھر دس ستمبر کا دن آ گیا، جب بحیرہ روم میں ڈینیئل نامی طوفان نے خوف ناک صورت اختیار کر لی اور 6,000 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کو ریکارڈ کیا گیا، تاہم درنۃ کے میئر عبدالمنعم الغیثی نے العربیہ ٹیلی ویژن کو بتایا کہ سیلاب سے تباہ ہونے والے اضلاع کی تعداد کی بنیاد پر شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 18,000 سے 20,000 کے درمیان ہو سکتی ہے، اور یہ افراد لا پتا تھے۔

دراصل لیبیا کے شہر درنۃ میں دو ڈیم ٹوٹ گئے تھے جس کے نتیجے میں شہر کا ایک چوتھائی حصہ تباہ ہو گیا تھا۔ درنۃ کے گلی کوچے لاشوں سے بھر گئے تھے، ہر طرف بچوں، بڑوں اور خواتین کی لاشیں نظر آ رہی تھیں۔

آذربائیجان نے اپنا علاقہ نگورنو کاراباخ حاصل کر لیا

19 ستمبر کو آذربائیجان نے آرمینیا کی حمایت یافتہ فوج کے خلاف عسکری کارروائی شروع کی، جس کا اختتام آذربائیجان کی تیز ترین فتح کے ساتھ ہوا۔ کاراباخ میں سرکاری اداروں تحلیل کرنے کا اعلان کیا گیا، اور ایک لاکھ نسلی آرمینیائی نگورنو کاراباخ سے فرار ہو گئے۔

25 ستمبر کو نگورنو کاراباخ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جب ایک گیس اسٹیشن پر دھماکا ہوا، اس واقعے میں تقریباً 170 لوگ مارے گئے اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

7 اکتوبر حماس کی مزاحمت کا وہ دن، جس نے اسرائیل کیا ساری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا

سال 2023 اپنی ماحولیاتی تباہیوں کے ساتھ تیزی سے گزر رہا تھا جب 7 اکتوبر کی صبح کا سورج نمودار ہو گیا۔ جنوبی اسرائیل میں لوگ روز مرہ کی سرگرمیوں میں مصروف تھے اور ایک طرف میوزک کا فیسٹیول چل رہا تھا جس میں ہزاروں اسرائیلی اور غیر ملکی شریک تھے، جب اچانک آسمان سے غباروں پر حماس کے جاں باز اترنے لگے، اور زمینی راستے سے بے شمار لڑاکا داخل ہوئے اور جنوبی اسرائیل گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔

دوسری طرف غزہ کے اندر سے ہزاروں راکٹ بغیر دم لیے اڑ اڑ کر اسرائیل کے اندر گرنے لگے، اور اسرائیلی فضا دھماکوں سے بھر گئی، چند منٹ کے اندر ہزاروں راکٹ برسائے گئے، اور بنیامین نیتن یاہو کا اسرائیل دہل کر رہ گیا۔ اس حملے نے اسرائیل کو اس بری طرح چونکا دیا کہ اسے سنبھلنے کا بھی موقع نہ مل سکا، نہ ہی اسے اس حملے کی خبر ہو سکی تھی، اور حماس کے حملہ آوروں نے 1,140 اسرائیلیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، اور 240 اسرائیلیوں کو یرغمال بنا کر غزہ لے گئے، جن میں کئی افراد امریکا اور دیگر ممالک کے بھی شامل تھے۔ اسرائیل حماس جنگ نے صرف اسرائیل ہی نہیں پوری دنیا کو بری طرح چونکا دیا۔

حماس کے حملہ آوروں کی دراندازی کے بعد صہیونی فورسز نے غزہ کے نہتے شہریوں پر جو وحشیانہ بمباری کا تاریخی سلسلہ شروع کیا، اس نے انسانی تاریخ میں درندگی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ گزشتہ 78 دنوں میں صہیونی فورسز کی بمباری میں 20 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 70 فی صد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا میں غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، لیکن امریکا نے دو بار یو این سلامتی کونسل میں فوری جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کر دی ہے۔ تاہم دونوں طرف سے قیدیوں کے تبادلے کے لیے جنگ میں ایک ہفتے کا وقفہ کیا گیا ہے۔

اس جنگ میں یمن کے حوثی بھی کود پڑے، اور بحیرہ احمر سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملے شروع کر دیے، اسرائیل سے منسلک ایک بحری جہاز کو اغوا کیا گیا، مسلسل حملوں کی وجہ سے کئی بڑی شپنگ کمپنیوں نے راستے بدل لیے اور بحیرہ احمر میں اپنے آپریشنز وقتی طور پر روک دیے۔

سرد موت کے بعد افغانستان میں زلزلوں کا ایک سلسلہ شروع، 1000 سے زائد ہلاک

اکتوبر کی 7 تاریخ کو افغانستان کا صوبہ ہرات بھی موت کی لپیٹ میں اس وقت آیا جب زلزلوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 2000 زخمی ہوئے، ایران اور ترکمانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ 6.3 شدت کے 4 زلزلے آئے اور اس کے بعد آفٹر شاکس بھی چلے آئے۔ 1998 کے بعد سے افغانستان میں آنے والا یہ زلزلہ سب سے مہلک ثابت ہوا۔

پہلے دو زلزلے 7 اکتوبر کو ہرات شہر کے قریب آئے، اس کے بعد کئی آفٹر شاکس آئے، پھر 11 اور 15 اکتوبر کو اسی علاقے میں 6.3 شدت کے دو اور زلزلے آئے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق 1,482 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ مجموعی طور پر 43,400 لوگ متاثر ہوئے۔

25 اکتوبر کو مشرقی بحرالکاہل کے سمندری طوفان اوٹس نے میکسیکو میں تباہی مچائی، جس سے کم از کم 80 افراد ہلاک ہوئے۔

18 دسمبر کو شمال مغربی چین میں آنے والے زلزلے میں کم از کم 131 افراد ہلاک اور 16 لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

2023 میں آبادی اور عمر کی شرح میں اضافہ

واضح رہے کہ 1 جنوری 2023 کو دنیا کی آبادی کا تخمینہ 7.943 بلین افراد لگایا گیا تھا، اور یکم جنوری 2024 کو یہ بڑھ کر 8.119 بلین تک پہنچنے کی توقع ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 2023 میں 134.3 ملین پیدائشیں اور 60.8 ملین اموات واقع ہوئیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اوسط عالمی عمر میں 2022 کے مقابلے میں 0.18 سال کا اضافہ ہوا ہے اور بچوں کی اموات کی شرح میں بھی کمی نوٹ کی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں