کراچی کے شہریوں نے سال 2024 کے دوران 85 کروڑ روپے صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ہونے والے جرمانوں کی مد میں ادا کیے۔
شہریوں نے 20 کروڑ روپے ون وے جبکہ رونگ وے کی خلاف ورزی پر جرمانے دیے۔ ٹریفک پولیس نے رواں سال کے دوران 11 لاکھ 57 ہزار چالان کیے، اس میں سب سے زیادہ چالان گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پر کیے گئے۔
ٹریفک پولیس نے صرف نمبر پلیٹ پر 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد چالان اور جرمانے میں 11 کروڑ 93 لاکھ وصول کیے۔
اسی طرح سگنل توڑنے پر ایک لاکھ 96 ہزار چالان کر کے ٹریفک پولیس نے 12 کروڑ 49 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے جبکہ اوور لوڈنگ گاڑیوں پر 2 لاکھ چالان کر کے 10 کروڑ 31 لاکھ روپے جرمانے کیے۔
نو پارکنگ گاڑیوں پر ایک لاکھ 30 ہزار چالان کے ذریعے 11 کروڑ57 لاکھ جرمانے کیے جبکہ ون وے اور رونگ وے کی خلاف ورزی پر 91 ہزار چالان کر کے 20 کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانے کیے۔
موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے پر 84 ہزار چالان کے ذریعے 4 کروڑ 24 لاکھ روپے، فینسی نمبر پلیٹ لگانے پر 5 کروڑ 31 لاکھ روپے، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے پر 3 کروڑ 75 لاکھ روپے جبکہ گاڑیوں میں اسپیڈو میٹر نہ ہونے پر ایک کروڑ 7 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے۔