گزرے سال 2024 میں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کیسی رہی اس حوالے سے رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے سال 2024 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے۔ گزشتہ سال کے پی حکومت کے نمایاں کارناموں میں نگراں دور میں بند کیے گئے صحت کارڈ پروگرام کی بحالی، لائف انشورنس کا آغاز، بیروزگار نوجوانوں کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی، پناہ گاہوں اور شیلٹر ہومز کی دوبارہ بحالی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
کے پی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے مطابق صوبے میں حکومت سنبھالتے ہی نگراں دور میں بند کیا گیا صحت کارڈ پروگرام فعال کیا۔ اس پروگرام کے تحت مارچ سے دمسبر تک 20 ارب روپے سے زائد خرچ کر کے 7 لاکھ، 89 ہزار اور 721 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔
صوبائی حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں 5 ارب کی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی۔ میگا پراجیکٹ پشاور ہیلتھ سٹی منصوبہ متعارف کیا گیا۔ ائف انشورنس پروگرام شروع کیا گیا ہے، اس کے تحت 60 سال سے کم عمر میں وفات پانے والے افراد کے ورثا کو 10 لاکھ روپے جب کہ 60 سال سے زائد عمر میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ کے پی حکومت قرضوں کا بوجھ کم کرنے کیلیے ڈیبیٹ منیجمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لائی۔ ضم اضلاع پولیس کی ٹیکنیکل ٹریننگ کیلیے 7 ارب روپے کی خطیر رقم اور سی ٹی ڈی کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ صنعتوں کو براہ راست بجلی فراہم کرنے کیلیے پراونشل ریگولیٹری اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام کیلیے کام شروع کیا گیا۔
اس کے علاوہ سال 2024 کے رمضان المبارک میں 7 بلین روپے سے زائد پیکیج دیا گیا جس سے سات لاکھ 28 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوئے۔ پناہ گاہوں اور شیلٹر ہوم کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ رمضان المبارک میں پناہ گاہوں میں 20 ملین کی لاگت سے روزہ داروں کیلیے سحر و افطار کا بندوبست کیا گیا جب کہ اسی ماہ مبارک میں 115 حلقوں میں مستحقین میں ایک بلین سے زائد رقم تقسیم کی گئی۔
کے پی حکومت نے کرغستان میں پھنسے افراد کے لیے خصوصی فلائٹس چلائیں۔ 143 ملین کی لاگت سے 1408 پھنسے پاکستانیوں کو بہ حفاظت وطن واپس لایا گیا۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ کے پی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے انہیں 3 ہزار ملین کے بلا سود قرضے فراہم کر رہی ہے۔ 25 بلین کی لاگت سے کے پی فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ متعارف کرایا گیا ہے۔17 نئی ہاؤسنگ اسکیموں پر کام کا آغاز کیا گیا، جو 38 ہزار 630 پلاٹوں پر مشتمل ہے۔
ترجمان کے پی حکومت کا کہنا تھا کہ ایٹا اسکالر شپ کی تعداد 253 سے بڑھا کر 500 طلبہ تک کر دی گئی ہے جب کہ اس کی رقم بھی 1500 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے کر دی ہے۔ نوجوانوں کو نشے سے دور رکھنے کیلیے ٹاسک فورس اور وزیر اعلیٰ ہاوس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضم اضلاع میں اسپیشل اسٹوڈنٹس کے لیے 5 اسپیشل اسکولز کا قیام عمل میں لایا گیا۔