واشنگٹن : امریکہ کے سال 2024 کے صدارتی انتخابات کو مختلف عددی پہلوؤں سے سمجھا جاسکتا ہے، جن میں سات اہم ریاستیں، الیکٹورل کالج کے ووٹ، بیلٹ پر موجود امیدوار اور لاکھوں ووٹر شامل ہیں۔
امریکی صدارتی الیکشن میں عوام اپنے صدر کا براہ راست انتخاب نہیں کرتے بلکہ الیکٹورل کالج کو ووٹ دیتے ہیں، یہی الیکٹورل کالجیٹ صدر اور نائب صدر کا انتخاب کرتے ہیں۔
آج ہونے والے انتخابات میں متعدد آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں، جن میں رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر خصوصی طور پر میڈیا کی توجہ حاصل کررہے ہیں۔
ان صدارتی انتخابات کو اگر مختلف اعداد کے حوالے سے دیکھا جائے تو صورت حال کچھ اس طرح سامنے آئے گی۔
دو
امریکا کی صدارت حاصل کرنے کا اصل مقابلہ اس بار دو مضبوط سیاسی حریفوں اور مرکزی امیدواروں ڈیموکریٹ کی کاملہ ہیرس اور ریپبلکن کے ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہے۔
پانچ
5نومبر امریکا میں صدارتی انتخابات کا دن ہے جس کا انعقاد روایت کے مطابق نومبر کے پہلے منگل کو کیا جاتا ہے۔
سات
امریکا میں مجموعی طور پر 50 ریاستیں ہیں اور ان میں سات ریاستیں ایسی ہیں جو کسی ایک جماعت کی حمایت میں واضح نہیں ہیں یعنی یہاں کسی ایک جماعت کو واضح برتری حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں “سوئنگ ریاستیں” کہا جاتا ہے۔ یہ ریاستیں انتخابی نتائج کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں امیدوار ایریزونا، جارجیا، مشیگن، نیواڈا، نارتھ کیرو لائنا، پنسلوانیا، اور وسکونسن میں اپنے ووٹرز کو متحرک کرنے میں مصروف ہیں تاکہ فتح حاصل کی جاسکے ان ریاستوں میں معمولی فرق سے بھی جیت ہار کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔
34 اور 435
انتخابات کے دن امریکی رائے دہندگان نہ صرف اگلے صدر کا انتخاب کریں گے بلکہ کانگریس کے ارکان کے انتخابات بھی عمل میں آئیں گے۔
سینٹ کی چونتیس نشستیں اور ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کی تمام 435 نشستیں بھی انتخابات کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ہاؤس کے ارکان دو سال کی مدت کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں اور اس وقت ریپبلکن پارٹی کے پاس اکثریت ہے، جبکہ ڈیموکریٹس اپنی طاقت بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔
سینیٹ میں 100 میں سے 34 نشستیں 6سال کے لیے ہیں اور یہاں ریپبلکن جماعت ڈیموکریٹس سے اکثریت واپس لینے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
538
الیکٹورل کالج جو کہ امریکی صدارتی انتخابات کا ایک بالواسطہ نظام ہے، مجموعی طور پر 538 الیکٹرز پر مشتمل ہے۔
ہر ریاست کو الیکٹرز کی تعداد ریاست کے آبادی کے لحاظ سے ایوان نمائندگان میں موجود نشستوں اور دو سینیٹرز کی تعداد کے حساب سے دی جاتی ہے۔
مثال کے طور پر کم آبادی والی ریاست ورمونٹ کے پاس صرف 3 الیکٹرل ووٹ ہیں جبکہ زیادہ آبادی والی ریاست کیلیفورنیا کے پاس 54 ووٹ ہیں۔ 50 ریاستوں میں مجموعی طور پر 538 الیکٹرز ہیں۔