حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری، مہنگائی اور غربت میں کمی کے دعوے کیے جا رہے ہیں لیکن عالمی بینک کی رپورٹ نے ان دعووں کی نفی کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے گزرے سال 2024 میں تسلسل کے ساتھ یہ دعوے کیے جاتے رہے کہ ملکی معیشت ترقی کے ٹریک پر آ گئی ہے۔ ملک میں مہنگائی اور غربت کم ہو رہی ہے، لیکن اس حوالے سے ورلڈ بینک نے جو رپورٹ جاری کی ہے، وہ حکومت کے ان تمام دعووں کی نفی کرتی ہے اور حکومتی ذمہ داروں کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے پاکستان میں معیشت اور مہنگائی کے حوالے سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال 2024 میں پاکستان میں غربت کی شرح 25.3 فیصد رہی، جو 2023 کے مقابلے میں سات فیصد زیادہ ہے، یوں 2024 میں مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
عالمی بینک کی اس رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ گزرے ایک سال کے دوران مزید ایک کروڑ 30 لاکھ پاکستانی غربت کا شکار ہوئے۔
ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019 میں غربت کی شرح 21.9 فیصد تھی۔ کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے اس میں اس میں اضافہ ہوا اور شرح 24.6 فیصد ہو گئی تھی۔
تاہم کووڈ 19 کے بعد غربت میں مسلسل 2 سال تک کمی آئی اور مالی سال 2022 میں غربت کی شرح 17.1 فیصد ہوگئی تھی، لیکن پھر اگلے ہی سال تباہ کن سیلاب سے انفرا اسٹرکچر تباہ ہوا اور زرعی پیداوار میں کمی کے ساتھ معاشی بحران نے جنم لیا، جس کا نتیجہ افراط زر اور غربت میں اضافے کی صورت میں نکلا۔