ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی ہی نہیں ہماری زمین کو ایک اور خطرہ لاحق 2032 سے متعلق ایک خوفناک پیشگوئی سامنے آئی ہے۔
بڑھتی ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی نے زمین کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں ممالک اس تبدیلی سے پریشان ہیں۔ کہیں سمندری اور برفانی طوفان، تباہ کن بارشیں ہو رہی ہیں تو کہیں قیامت خیز گرمی زمین کو تانبا بنانے پر تلی ہوئی ہے اور کہیں شدید خشک سالی قحط کا سامان کر رہی ہے۔
تاہم ان تمام وجوہات سے ہٹ کر ایک اور خوفناک پیشگوئی سامنے آئی ہے جو 2032 سے تعلق رکھتی ہے اور اگر یہ پوری ہوگئی تو زمین کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے سائنسدانوں کی ایک تحقیق کے حوالے سے خبر دی ہے کہ 2032 میں کائنات میں زندگی رکھنے والے واحد سیارے (زمین) کے سیارچے سے ٹکرانے کے امکانات دُگنے ہو گئے ہیں۔
سائنس دانوں نے پیشگوئی کی ہے کہ 22 دسمبر 2032 کو زمین اور گزشتہ برس دریافت ہونے والے سیارچے 2024 وائے آر کے درمیان تصادم متوقع ہے۔
یہ سیارچہ جو 90 میٹر پر محیط ہے۔ گزشتہ ہفتہ تک اس کے زمین سے ٹکرانے کے امکانات ایک فیصد تھے جو صرف چند روز میں ہی بڑھ کر 2.3 فیصد ہوچکے ہیں۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ ادارہ سیارچے کا مطالعہ جاری رکھے گا اور جیسے جیسے اس کے اور اس کے مدار کے متعلق معلومات حاصل ہوتی جائے گی اس کے ٹکرانے کے امکانات کے حوالے سے نظر ثانی کی جاتی رہے گی۔