کراچی: بیرون ملک سے کراچی آنیوالے 21 مسافر کورونا میں مبتلا نکلے ، 18مسافر سعودی عرب اور 3 مسافر برطانیہ سے کراچی پہنچے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں میں کورونا کی تشخیص کا سلسلہ جاری ہے، کراچی ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 21 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کے دوران کورونا وائرس مثبت آیا، جس میں سے 18مسافر سعودی عرب اور 3مسافر برطانیہ سے کراچی پہنچے تھے۔
ذرائع کے مطابق کورونا مثبت پر10 مسافروں کو کورنگی قرنطینہ سینٹر اور 10 مسافر گورنمنٹ قطر اسپتال اورنگی میں قرنطینہ بھجوا دیا گیا جبکہ ایک مسافر کو نجی ہوٹل میں قرنطینہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اور وزیرصحت سندھ کی ایئرپورٹ پر مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت آگئی ہے اور کراچی میں کورونا کی شرح 9 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے، ایک دن میں ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔