سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ایک سال سے غیرقانونی محاصرہ کے دوران 214 کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ بھارتی فورسز کے تشدد سے تیرہ سو نوے کشمیری زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیری نوجوان برہان وانی کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہادت نے تحریک آزادی کشمیرمیں نئی روح پھونک دی، مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہوگئے، کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران بھارتی فورسز نے 214 کشمیری شہید کئے ، شہید ہونے والوں میں 4 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں متعدد کشمیریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن میں شہید کیا گیا جبکہ بھارتی فورسز کے تشدد سے 1390 کشمیری زخمی ہوئے، اس دوران 84خواتین کیساتھ زیادتی کی گئی اور 946 مکانات کو نقصان پہنچایا۔
کےایم ایس کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران 13 ہزار 680 کشمیریوں کو گرفتار کیا ، گرفتار ہونے والوں میں بزرگ خواتین سمیت کشمیری لڑکیاں بھی شامل ہیں۔
قابض فوجیوں نے ظلم کی تاریخ رقم کرتے ہوئے پیلٹ گنوں سے 10 ہزار 240 کشمیریوں کونشانہ بنایا، جس سے درجنوں کشمیری بینائی سے محروم ہوگئے، جبکہ تین سو پچاسی افراد کو دیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
خیال رہے بھارتی فورسز 1990 سے اب تک پچانوے ہزار چھ سو سینتالیس کشمیریوں کو شہید کرچکی ہیں۔