کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں 2287 نئے کرونا کیسز سامنے آئے، سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران 11819 ٹیسٹ کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا صورت حال سے متعلق اپنے تازہ بیان میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 319231ٹیسٹوں میں سے 57868 کیسز سامنے آئے، آج کرونا کے مزید 33 مریض انتقال کرگئے، انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 886 ہوگئی، اس وقت 27737مریض زیرعلاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے مختلف اسپتالوں میں 1498 مریض زیرعلاج ہیں، 633 مریضوں کی حالت تشویش ناک جبکہ 109 وینٹی لیٹرز پر ہیں، آج 1230 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 29245 ہوگئی ہے۔
کرونا سے پاکستان میں مزید 111 افراد جاں بحق، اموات کی شرح میں اضافہ جاری
خیال رہے کہ پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک سو گیارہ اموات ہوئیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 111 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے جب کہ 4,443 نئے کیسز سامنے آئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 148,921 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,839 ہو گئی ہے۔