اسلام آباد: تیئس مارچ کو ہونے والی یوم پاکستان پریڈ کی سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے وفاقی دارلحکومت میں دفعہ 144 نافذ کرنے اور پریڈ گراؤنڈ کی سیکیورٹی پاک آرمی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پریڈ کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈی سی کپٹین (ر) احمد کی سربراہی میں اجلاس منعقد کیا گیا، افسران کی بریفنگ کے بعد شہر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 21 مارچ سے 23 مارچ تک شہر بھر دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش ، پتنگ بازی اور کبوتر بازی پر پابندی عائد ہوگی جبکہ اسپتالوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں گی۔
یہ بھی طے کیا گیا کہ پریڈ میدان کے ار گرد قائم ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز میں رہائش اختیار کرنے والوں کی چھان بین کی جائے گی اور شادی ہالز 21 سے 23 مارچ تک مکمل بند رہیں گے جبکہ پریڈ گراؤنڈ سے 5 کلومیٹر فاصلے تک ہونے والی تعمیران پر 30 مارچ تک پابندی عائد کی جائے گی۔
یومِ پاکستان والے روز میٹروبس سروس کو بند کیا جائے گا اور پریڈ کے موقع پر گراؤنڈ کے اطراف 5 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ گراؤنڈ کے اندر کی سیکیورٹی پاک فوج کے ذمہ ہوگی۔
یاد رہے گزشتہ سال 23 مارچ کے موقع پر طویل عرصے بعد تینوں مسلح افواج اور کمانڈوز کی پریڈ منعقد کی گئی تھی۔