کراچی: موٹر سائیکل سواروں کے ایک گروپ نے 6 ممالک سے گزرتے ہوئے حرمین شریفین پہنچ کر عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی موٹر سائیکلسٹس کے ایک گروپ کا سفر آخرکار حرمین شریفین میں عمرے کی سعادت کے حصول پر ختم ہو گیا۔
بائیکرز نے 14 ہزار کلو میٹر سے زائد سفر طے کیا ہے، دوران سفر بائیکرز نے پاکستان کی طرف سے امن، دوستی اور بھائی چارے کا پیغام پہنچایا۔
چیئرمین اور گروپ لیڈر مکرم خان ترین نے بتایا کہ خانہ کعبہ میں حاضری دینے کا انھیں بے صبری سے انتطار تھا۔ انھوں نے اس سفر میں پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔
مکرم خان نے کہا ’’ہم نے مشکل صورت حال دیکھی مگر ہمت نہیں ہارے، ہمارا سفر جاری رہا، سفر کے دوران حادثے بھی رونما ہوئے اور کچھ دوستوں کو چوٹیں بھی آئیں۔‘‘
انھوں نے عمرے کی ادائیگی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ ’’اس سفر میں پاکستانی اور سعودی حکومت نے تعاون کیا جس کے لیے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘