لاہور: لاہور قلندرز کے کھلاڑی کامران غلام نے حارث رؤف کے تھپڑ کا جواب دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان دوسرا ایلمینیٹر میچ کھیلا گیا، جہاں لاہور قلندرز نے آخری لمحات میں یونائیٹڈ سے یقینی فتح چھین کر کرکٹ ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا۔
سنسنی خیز میچ میں لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا، تاہم گذشتہ میچ میں فاسٹ بولر حارث رؤف سے تھپڑ کھانے والے کامران غلام نے یونائیٹڈ کے جارح مزاج ایلکس ہیلز کا شاندار کیچ تھام کر اپنے ساتھی کو ‘ تھپڑ’ کا جواب دیا۔
کامران غلام کے شاندار کیچ تھامنے پر حارث رؤف نے ساتھی کھلاڑی کو فرط جذبات سے گلے لگایا اور میچ میں فتح کے بعد حارث رؤف کندھے پر بٹھاکر کامران غلام کو میدان کا چکر لگوایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کو ہرا کر لاہور فائنل میں پہنچ گیا
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیون کے آخری لیگ میچ میں لاہور قلندرز کے حارث رؤف نےکیچ ڈراپ کرنے پر کامران غلام کو تھپڑ جڑ دیا تھا، بعد ازاں معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون کا فائنل کل دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا، لاہور قلندرز پی ایس ایل تاریخ میں واحد ٹیم ہے جو ابھی تک ٹرافی اپنے نام کرنے سے قاصر رہی ہے۔