بدھ, اپریل 2, 2025
اشتہار

ویڈیوز: 27 ویں شب حرمین شریفین میں 30 لاکھ سے زائد زائرین کا اجتماع، روح پرور مناظر

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں رمضان المبارک کی 27 ویں رات شب قدر کی تلاش میں 30 لاکھ سے زائد زائرین نے حرمین شریفین میں عبادات کیں۔

سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ میں گزشتہ روز رمضان کی 27 ویں شب تھی۔ شب قدر کی تلاش میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں 30 لاکھ سے زائد زائرین عمرہ اور نمازیوں نے شب بیداری کر کے خصوصی عبادات کیں۔

مسجد الحرام میں 27 ویں شب کی تراویح  شیخ ڈاکٹر بدر بن محمد الترکی اور دوسرے شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد المعیقلی نے پڑھائی جبکہ مسجد نبوی میں شیخ ڈاکٹر محمد بن احمد برھجی اور شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالمحسن القرافی نے تراویح پڑھائی۔

اندرون ملک اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے عمرہ زائرین اور نمازی اس عظیم رات کی برکات سے استفادہ کرنے کے لیے مسجد الحرام میں جمع ہوئے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام اور اس کے ملحقہ علاقوں میں مجموعی طور پر 34 لاکھ 31 ہزار 600 سے زائد افراد موجود تھے۔

سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی شہری، مقیم غیر ملکی اور زائرین افطار سے بہت پہلے حرمین پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔

مسجد الحرام میں تیسری توسیع ، تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔

 

تراویح کے موقع پر مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں قیام اللیل کے دوران روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔ زائرین اور نمازیوں نے رب تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کی۔ امت مسلمہ کے اتحاد، دنیا میں قیام امن اور فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

حرمین شریفین کی انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ زائرین کو عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ قرآن پاک میں شب قدر کو ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا گیا ہے اور اہل اسلام کو اس متبرک شب کو رمضان المبارک کی طاق راتوں میں تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس لیے دنیا بھر میں مسلمان رمضان کے آخری عشرے میں رمضان المبارک کی طاق راتوں 21، 23، 25، 27 اور 29 ویں شب بیداری کر کے خصوصی عبادات کرتے اور رضائے الہٰی کے حصول کی دعائیں کرتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں