اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

امریکہ کے کئی بڑے شہر رفتہ رفتہ زمین میں کیوں دھنس رہے ہیں؟ ہوشربا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

ایک حالیہ تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ امریکہ کے تقریباً 28 سب سے زیادہ آبادی والے شہر آہستہ آہستہ  زمین میں دھنستے جارہے ہیں۔

اس تبدیلی کی بڑی وجہ سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرات ہیں جو ممکنہ طور پر شہری بنیادی ڈھانچے کیلیے شدید نقصان کا باعث بن رہے ہیں، یہ عوامل لوگوں کی رہائش اور ملکی معیشت کے لیے سنگین نتائج کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

نیچر سٹیز نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کئی شہروں کے زمین میں دھنسنے کی یہ صورتحال ہر جگہ پائی جاتی ہے اور متعلقہ عہدیداران و ذمہ داران کو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔

 sinking city

ماضی میں نیو اورلینز جیسے ساحلی شہروں کے زمین میں دھنسنے کی خبریں آتی رہی ہیں۔ لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ بڑے شہروں میں یہ عمل زیادہ شدت سے ہو رہا ہے۔ زمین میں دھنسنے کی وجوہات میں قدرتی عوامل کے ساتھ ساتھ انسانوں کے پیدا کردہ عوامل بھی شامل ہیں۔

مثال کے طور پر برفانی دور کے بعد زمین کی ساخت میں تبدیلی، دریا کے کناروں پر بننے والے ڈیم جو قدرتی مٹی کو آگے بڑھنے نہیں دیتے اور تیسری اہم وجہ عمارتوں کا وزن جو زمین کو نیچے کی جانب دھکیلتا ہے۔

flooding

اس تحقیق میں ماہرین نے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی ’انسر‘ کا استعمال کیا، جس سے زمین کی اوپر نیچے حرکت ملی میٹر کے پیمانے پر ناپی جا سکتی ہے۔

اس ڈیٹا کی مدد سے ماہرین نے معلوم کیا کہ تمام 28 بڑے شہروں میں سے کم از کم 20 فیصد رقبہ زمین میں دھنس رہا ہے اور 25 شہروں میں 65 فیصد سے زیادہ علاقہ متاثر ہو رہا ہے۔

سائنٹیفک امریکن نامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس صورتحال کی کچھ بنیادی وجوہات ہیں جن کا ذکر مندرجہ ذیل سطور میں کیا جارہا ہے۔

پہلی وجہ : زیر زمین پانی کا زیادہ استعمال ہے کیونکہ تحقیق سے یہ بھی پتا چلا کہ 80 فیصد زمین دھنسنے کے واقعات کا تعلق زیرِ زمین پانی کے نکالنے سے ہے، زمین کے نیچے سے پانی نکالنے سے زمین کی سطح نیچے بیٹھ جاتی ہے اور زمین خالی ہو کر بیٹھنے لگتی ہے۔

دوسری وجہ : تیل اور گیس کی نکاسی ہے، ان وسائل کے نکالنے سے زمین کی ساخت شدید متاثر ہوتی ہے۔

تیسری وجہ : عمارتوں کا وزن ہے کیونکہ بھاری عمارتیں اپنے وزن کی وجہ سے زمین پر دباؤ ڈالتی ہیں، جس سے زمین مزید نیچے دھنس سکتی ہے۔

چوتھی وجہ : آب و ہوا کی تبدیلی ہے کیونکہ شدید بارشیں اور طوفان زمین کے مستحکم رہنے کو متاثر کرتے ہیں۔

امریکہ کے 9 بڑے شہروں میں جن میں نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن، ڈیلس، فورٹ ورتھ، کولمبس، سیئیٹل، ڈینور اور ڈیٹروئٹ شامل ہیں، وہاں زمین دھنسنے کی اوسط رفتار سالانہ 2 ملی میٹر سے زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ ہیوسٹن، فورٹ ورتھ اور ڈیلس میں رفتار سب سے زیادہ ہے، 4 ملی میٹر فی سال سے بھی زیادہ۔ صرف ہیوسٹن میں 42 فیصد علاقہ 5 ملی میٹر فی سال سے تیزی سے نیچے جا رہا ہے اور 12 فیصد علاقہ 10 ملی میٹر سالانہ سے بھی زیادہ دھنس رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بظاہر یہ رفتار بہت کم لگتی ہے، لیکن اگر مسلسل دس سال ایسا ہو تو اس کے اثرات شدید ہوسکتے ہیں۔ زمین کے مختلف حصوں کا مختلف رفتار سے دھنسنا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، کیونکہ اس سے عمارتیں ایک طرف جھک سکتی ہیں یا سڑکوں اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ امریکہ کے شہر نیویارک کے لگارڈیا ایئرپورٹ کے آس پاس کا علاقہ شہر کے باقی حصوں سے زیادہ تیزی سے دھنس رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں