کراچی: پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے، کراچی میں مزید 28 کیس سامنے آگئے جب کہ کورونا سے متاثرہ ایک شخص صحت یاب ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ہلاکت خیز کورونا وائرس پاکستان میں بھی پنچے گاڑ چکا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 28 کیس سامنے آگئے ہیں، محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 28 نئے مریضوں کے بعد شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد 93 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں مہلک وبا کے شکار افراد کی تعداد 245 ہوگئی ہےجب کہ کراچی سے تین کرونا وائرس کے مریض صحتیاب ہونے کے بعد ڈسچارچ ہوچکے ہیں۔سکھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 151 اور حیدرآباد میں ایک مریض ہے۔
دوسری جانب رجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت نے ابھی مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کچھ پیرا میٹرز طے کیے ہیں جس کے تحت لاک ڈاؤن کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے آمدورفت محدود کرنی ہوگی، درخواست کرتا ہوں ہم سب کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردان کے انتقال کرجانے والے شخص کی یوسی کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے، اگر لاک ڈاؤن کی طرف جارہے ہیں تو پھر کس چیز کا انتظار کیا جارہا ہے۔