ملتان: حضرت بہاوالدین زکریا ملتانیؒ کے سات سو ستتر ویں سالانہ عرس کے دوسرے روز ملک بھر سے زائرین عرس میں شرکت کیلئے آرہے ہیں۔
ملتان میں حضرت بہاوالدین زکریا ملتانیؒ کے سات سو ستتر ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات جاری ہیں، گزشتہ روز عرس کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز سجادہ نشین درگاہ عالیہ شاہ محمود قریشی مزار شریف کو غسل دے کرکیا۔
عرس میں شرکت کے لئے ملک بھر خصوصا اندرون سندھ سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، زائرین کی سہولت کے لیئے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات کیئے گئے ہیں زائرین کے قیام و طعام کا بھی خاص بندوبست کیا گیا ہے جبکہ عرس کے تین ایام دربار اور ملحقہ علاقہ میں سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔
دوردراز سے آئے زائرین کی جانب سے ختم قران اور منت ومرادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں : حضرت بہاؤ الدین زکریا کا777واں عرس شروع
حضرت بہاؤ الدین زکریا سہروردی ملتانی رحمتہ اللہ علیہ کی ولادت با سعادت 566 ہجری ملتان میں ہوئی، آپ کے والد ماجد کا اسم گرامی حضرت مولانا وجیہہ الدین محمد قریشی تھا۔ آپ کےجد اعلی حضرت کمال الدین علی شاہ قبیلہ قریش سےتعلق رکھتےتھے ۔ آپ کے جدامجد مکہ معظمہ سے پہلے خوارزم آئے ، پھر ملتان میں مستقل سکونت اختیار کی۔
حضرت خواجہ بہاؤالدین زکرياملتانی رضی اللہ تعالی عنہ سلسلہ سہروردیہ کی عظیم کڑی ہیں۔ حضرت کی ذات ستودہ صفات گونا گوں خوبیوں کی حامل ہے، آپ 666 ہجری میں اس دار فانی سے رخصت ہوئے۔