جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

جنوبی افریقہ ’چوکر‘ کا داغ مٹا پائے گا یا آسٹریلیا فائنل میں جائے گا، دوسرا سیمی فائنل آج

اشتہار

حیرت انگیز

ون ڈے ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج ریکارڈ 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور چوکر کے نام سے مشہور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔

کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ 13 واں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اب اختتام کی جانب گامزن ہے۔ میزبان بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دے کر 12 سال بعد فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فائنل کی دوسری ٹیم کے لیے آج کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ٹکرائیں گے۔

ورلڈ کپ میں ایک بار پھر آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ آج مد مقابل آئیں گے۔ کینگروز جہاں ریکارڈ 5 بار عالمی چیمپئن بن چکے ہیں تو دوسری جانب پروٹیز بھی چار بار سیمی فائنل کھیل چکے ہیں لیکن فتح کے نزدیک پہنچ کر اچانک ہاتھ پاؤں پھلا کر ہارنے کی روایت رکھنے کے باعث انہیں کرکٹ کی دنیا میں چوکر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

- Advertisement -

جنوبی افریقہ نے 1992 میں اپنا اولین ورلڈ کپ کھیلا اور سیمی فائنل بارش کی نظر ہوا۔ متنازع ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے باعث شکست سے دوچار پروٹیز ایسی بے حال ہوئی کہ پھر بڑے مقابلوں میں سنبھل نہ سکی اور راونڈ میچز میں اچھی کارکردگی کے باوجود ناک آؤٹ میں فتح کی کشتی کنارے لگاتے لگاتے شکست کے بھنور میں ڈبونے کی عادت بنا لی۔

جنوبی افریقہ 1999 کا آسٹریلیا سے جیتا ہوا سیمی فائنل ایلن ڈونلڈ کے غیر متوقع رن آؤٹ کے باعث ہاری۔ 2007 اور 2015 میں بھی پروٹیز ناکام ہی رہے۔

آسٹریلیا کا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچز میں ریکارڈ شاندار ہے جس نے اب تک 8 ناک آؤٹ مرحلے کے میچ کھیلے ہیں اور 7 بار فاتح بن کر میدان سے باہر آئی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا پر سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک 109 میچز کھیل رکھے ہیں جن میں 55 میں پروٹیز فتحیاب رہے جب کہ 50 میں کینگروز نے بازی ماری۔

عالمی کپ دونوں ٹیمیں سات بار مدمقابل آئیں۔ آسٹریلیا نے 4 اور جنوبی افریقہ نے 3 میچوں میں کامیابی سمیٹی۔

آج دیکھنا ہوگا کہ پروٹیز چوکرز کا داغ مٹا پاتے ہیں یا پھر کینگروز انہیں زیر کر کے فائنل میں جگہ بناتے ہیں۔ فاتح ٹیم اتوار 19 نومبر کو ورلڈ کپ فائنل میں بھارت سے ٹکرائے گی۔

ورلڈ کپ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں