تازہ ترین

افغان دارالحکومت میں اسکول کے باہر 3 دھماکے، بچوں‌ سمیت 31 جاں‌ بحق

کابل: افغان دارالحکومت میں اسکول کے نزدیک یکے بعد دیگرے تین بم دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 31 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز افغان دارالحکومت میں قائم اسکول کے سامنے ایک منٹ کے اندر تین خوفناک بم دھماکے ہوئے۔ دھماکے کی زد میں آکر 31 افراد جاں بحق ہوئے جن میں بیشتر طالب علم ہیں۔

ڈاکٹرز نے زخمیوں میں سے 31 افراد کی ہلاکت کی تصدیق  کردی۔دھماکوں کے بعد شہریوں نے آسمان پر دھوئیں کے سیاہ بادل دیکھے۔ محکمہ صحت نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے کے بعد دور دور تک اسکول کے بستے اور بچوں کے جوتے بکھرے نظر آئے۔ والدین بھی پریشانی کے عالم میں بستوں سے اپنے بچوں کی شناخت کرتے رہے۔

دھماکوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری  جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کیے جبکہ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے دھماکے کا الزام طالبان پر عائد کیا ہے۔ دوسری جانب طالبان نے واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

Comments

- Advertisement -