کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں زہریلی چیز کھانے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے جب کہ ان کی ماں کی حالت نازک ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج گلستان جوہر کراچی میں خاتون اور 3 بچوں کے کوئی زہریلی چیز کھانے کا واقعہ پیش آیا تھا، نجی اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب انھیں اسپتال لایا گیا تو بچے مردہ حالت میں تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی شناخت ارشان، میشال اور زیدان کے ناموں سے ہوئی ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں میں 2 لڑکے اور ایک لڑکی تھی، پولیس کے مطابق بچوں کی والدہ کا نام نورین عمران ہے، متاثرہ خاندان گلستان جوہر بلاک 19 کا رہائشی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نورین کی حالت تشویش ناک ہے، نجی اسپتال کے ترجمان نے بھی کہا کہ جب خاتون کو لایا گیا تھا تو ان کی سانسیں چل رہی تھیں، پولیس نے کہا 4 سے 7 سال کی عمر کے تینوں بچوں کا اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال ہو گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کے گھر کا پتا بھی خاتون ہی نے بتایا ہے، ایک ٹیم فوری طور پر وہاں بھیجی گئی ہے، تاکہ اصل معاملہ واضح ہو۔
ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ واقعہ فوڈ پوائزننگ کا معلوم ہوتا ہے، ساجد سدوزئی کے مطابق بلاک 19 میں واقع فلیٹ میں اینٹی سیپٹک اسپرے کیا گیا تھا۔