جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

سعودی عرب: 3 بچے والدین کے سامنے سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب کے علاقے قصیم میں ایک خاندان کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے، والدین اور 2 بچے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔

اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے علاقے قصیم کی وادی ابو رمث میں 3 بچے والدین کے سامنے سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے، شہری دفاع کے اہلکاروں نے تینوں کی نعشیں نکال لیں۔

شہری دفاع نے ٹویٹر پر کہا کہ تینوں بچے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ سیلاب میں پھنس گئے، سانحہ کی اطلاع پر پورے علاقے میں رنج و ملال کی لہر دوڑ گئی۔

- Advertisement -

شہری دفاع کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حادثے کے وقت تینوں بچے اپنے والدین کے ہمراہ تھے، ان کی گاڑی کو سیلابی ریلا بہا کر لے گیا۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں محصور افراد نے گاڑی کے الٹنے سے قبل اس سے نکلنے کی کوشش کی، والدین اور 2 بچے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم تین بچے گاڑی ہی میں پھنس گئے۔

ڈوبنے والے بچوں کی عمریں ڈیڑھ سے 5 سال کے درمیان تھیں، تینوں بچوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ایک بار پھر کہا ہے کہ بارش کے دوران برساتی نالوں سے دور رہا جائے، اگر برساتی نالے خشک ہوں تو وہاں رکنے سے گریز کریں۔ بچوں کو سیلاب یا تالاب کے قریب نہ جانے دیا جائے۔

خیال رہے کہ ان دنوں قصیم ریجن اور اس کی تحصیلوں میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں