اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

سوات مینگورہ میں مکان گر کر تباہ، 3 جاں بحق، بچے معجزانہ طور پر بچ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

سوات: خیبر پختون خوا کے تجارتی شہر مینگورہ میں رات کو ایک مکان گر کر تباہ ہو گیا، جس کے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سوات کے مشہور علاقے مینگورہ میں خونہ گل محلہ گرین چوک میں مکان کی چھت گرنے سے ماں باپ اور ایک بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب 2 بچے بچ گئے جنھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کی لاشیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا، جاں بحق افراد میں میاں بیوی بھی شامل ہیں، دو بچے زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ایمبولینسز اور دیگر گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں، 6 افراد منہدم مکان کے ملبے تلے دبے ہوئے تھے، جنھیں نکالا گیا، تین افراد موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں 35 سالہ عنایت اللہ، ان کی 30 سالہ زوجہ اور بیٹا شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کی دوسری چھت پر تعمیراتی کام جاری تھا، چھت پر میٹریل پڑا ہوا تھا جو جمعے کی شب تعمیراتی میٹریل کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور مہندم ہو گئی۔

ادھر کراچی کے علاقے ڈی ٹائپ کالونی میں بھی ایک مکان کی چھت گر گئی ہے جس کے نیچے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ آج صبح فیصل آباد میں بھی ایک حادثہ پیش آیا، سہیل آباد میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ بلوچستان کے شہر کوئٹہ طوغی روڈ کے قریب ایک گھر میں گیس لیکج سے دھماکا ہوا جس کے باعث نوجوان جھلس گیا جسے بی ایم سی برن یونٹ منتقل کیا گیا۔

خیال رہے کہ ان دنوں تواتر کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں میں مکانات گرنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، کراچی اور سکھر میں بھی افسوس ناک واقعات پیش آئے، اس کے بعد بارشوں اور شدید برف باری کی وجہ سے کئی شہروں میں متعدد مکانات تباہ ہوئے اور ملبے تلے دب کر درجنوں افراد جاں بحق ہوئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں