اسلام آباد : چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے بتایا ہے کہ پیمرا اتھارٹی نے ڈی ٹی ایچ لائسنس کیلئے 16 میں سے 12 کمپنیوں کے بولی میں حصہ لینے کی منظوری دے دی ہے اور اب ان 12 کمپنیوں کے درمیان ڈی ٹی ایچ کی نیلامی 23 نومبر کو ہوگی۔
یہ بات چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی انہوں نے کہا کہ ڈی ٹی ایچ کے تین لائسنس نیلام کیے جائیں گے۔
دورانِ گفتگو ابصار عالم نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ بند اور سیٹلائیٹ ٹی وی چینلز پر بھارتی ڈرامے چلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے ڈی ٹی ایچ کی نیلامی پر ہنگامہ آرائی کرنے والے کیبل آپریٹرز کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ عناصر چاہتے ہیں کہ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی موخر کر دی جائے جب کہ ایسا کرنا بھارتی ڈی ٹی ایچ کے حق میں ہو گا اور پیمرا اتھارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی میں تاخیر قومی مفاد میں نہیں ہے اور ایسا کرنے سے قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچے گا کیوں کہ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی سے قومی خزانے میں اربوں روپے آئیں گے۔
چیئرمین پیمرا نے دعویٰ کیا کہ اتھارٹی نے بڑی کامیابی کے ساتھ مقامی پاکستانی چینلزاور بھارتی سٹیلائیٹ چینلز سے انڈین مواد کو بند کیا ہے تا کہ پاکستانی صارفین کو صاف ستھری اور صحت مند تفریح فراہم کی جا سکے اور ہمارے بچے اپنی تہذیب اور ثقافت سے آگاہ ہوں۔
ابصار عالم نے مزید کہا کہ نیشنل پریس کلب کے لیے ایف ایم لائسنس کی بھی پیمرا اتھارٹی نے منظوری دے دی ہے اور نجی اداروں کے تعاون سے چلنے والے ایف ایم ریڈیوز کو مانیٹر کیا جا ئے گا اور ملک کی سلامتی اور تہذیب سے ہٹ کر کوئی مواد ایف ایم ریڈیو پر نشر نہ ہو سکے۔