حیدرآباد: بھارت میں تین نوجوان لڑکیاں سیلفی لینے کے دوران ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک گاؤں میں دو بہنوں سمیت تین لڑکیاں جھیل میں سیلفی لینے کے دوران گر کر ڈوب گئیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ضلع نرمل کے گاؤں شنگنگام میں پیر کے روز جھیل سے تین لڑکیوں کی لاشیں ملیں، جن کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ اتوار سے غائب تھیں۔
لڑکیوں میں دو بہنیں 16 سالہ الیمی سنیتا اور 14 سالہ ویشالی، اور ایک کزن 14 سالہ انجلی شامل تھیں، خاندانی ذرائع کے مطابق تینوں لڑکیاں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے کے لیے اچھی تصویر بنانے کی کوشش کرنے کے لیے جھیل کی طرف گئی تھیں۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ سنیتا اور ویشالی وقت گزارنے کے لیے اپنی والدہ اور کزن کے ہمراہ اتوار کو اپنے زرعی فارم پر گئی تھیں، جہاں وہ اپنے موبائل فون سے تصاویر لے رہی تھیں، اس دوران لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے جھیل کے قریب جا کر تصاویر کھینچنے کی خواہش ظاہر کی۔
لڑکیوں کی والدہ نے بتایا کہ جب لڑکیاں کافی دیر تک واپس نہیں آئیں، تو انھیں فکر لاحق ہوئی اور لڑکیوں کی تلاش شروع کر دی، لیکن ناکامی کی صورت میں تھانے میں لڑکیوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی۔
اگلی صبح دیہاتیوں نے جھیل میں لڑکیوں کی لاشیں تیرتے دیکھیں، تو پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے لیا۔
جائے حادثے سے ملنے والے موبائل فون کی تصاویر چیک کی گئیں تو وہ ڈوبنے سے چند لمحے پہلے کی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ لاشوں سے کوئی قتل کا شبہ نہیں ہوتا، اور جہاں وہ لڑکیاں ڈوب کر ہلاک ہوئیں وہاں بہت زیادہ پھسلن تھی، جس کے باعث تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ لڑکیاں پھسلن کی وجہ سے ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔