مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں بھارتی فوجی ٹرک کو پیش آئے واقعے میں تین اہلکار موت کے منہ میں چلے گئے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ضلع رامبن میں تین فوجی اہلکار اُس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کا ٹرک سڑک سے پھسل کر 700 فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے میجر سمیت چار اہلکار ہلاک
حکام نے بتایا کہ فوجی ٹرک قومی شاہراہ 44 پر مقبوضہ جموں سے سری نگر جانے والے ایک قافلے کا حصہ تھا، حادثہ بیٹری چشمہ کے قریب صبح 11:30 کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ فوج، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں نے فوری طور پر مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا، ٹرک میں سوار تین فوجی اہلکار مردہ حالت میں پائے گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں سپاہی امیت کمار، سوجیت کمار اور مان بہادر شامل ہے جن کی لاشیں گہری کھائی سے نکالی جا رہی ہیں۔
یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ٹرک میں کُل کتنے فوجی اہلکار سوار تھے۔
11 فروری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اکھنور سیکٹر میں گشت کے دوران بارودی سرنگ میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی فوجی کا کیپٹن اور اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک شدید زخمی تھا۔
اس سے قبل مقبوضہ وادی کے صدر مقام سری نگر میں ایک بھارتی فوجی نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت ستیہ جیت کاندھول کے نام سے ہوئی تھی۔