راس الخیمہ : اماراتی کورٹ نے خاتون کو دھوکے سے لوٹنے کا الزام ثابت ہونے پر تین افریقی شہریوں کو 2 برس قید اور ملک بدری کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارت کی ریاست راس الخیمہ کی پولیس کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ چند غیر ملکی افراد نے ایک رہائشی خاتون کو انعام کی لالچ دے کر رقم بٹوری ہے۔
خاتون کی شکایت پر پولیس نے تینوں افریقی شہریوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ ملزمان نے یورپی موبائل فون نمبر سے متاثرہ خاتون کو واٹس ایپ پر لاکھوں درہم انعامی رقم جیتنے کا پیغام ارسال کیا اور انعامی رقم کی وصولی کےلیے 42 ہزار درہم کا مطالبہ کیا۔
عدالت نے پہلی سماعت پر رہائشی خاتون کو دھوکے سے لوٹنے کا الزام ثابت ہونے پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے تینوں افریقی شہریوں کو 2 سال 2 ماہ قید اور ملک بدری کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا۔
اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق متاثرہ خاتون نے ملزمان کے مطالبے پر 42 ہزار درہم بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیے اور کچھ روز بھی انعامی رقم موصول نہ ہونے پر پولیس میں شکایت درج کروائی۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد جعل سازی اور دھوکا دہی کی دفعات درج کی تھی۔