جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 3 کشمیری شہید

اشتہار

حیرت انگیز

بارہ مولا: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری شہید ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گری کا سلسلہ جاری ہے، قابض فوج نے ضلع بارہ مولا کے قصبے اڑی میں فائرنگ کر کے تین کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہے اور گھر گھر سرچ آپریشن جاری ہے۔

- Advertisement -

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے کشمیری نوجوانوں کو بارہ مولا کے اڑی سیکٹر میں جعلی مقابلے میں گولی مار کر شہید کیا۔

جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلے بھارتی فوجیوں کا معمول بن چکے ہیں، فوجی نہتے کشمیری نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اٹھاتے ہیں، انھیں لائن آف کنٹرول کے قریب لے جاتے ہیں اور جعلی مقابلے میں شہید کر دیتے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے شہید نوجوانوں کو پاکستانی عسکریت پسند قرار دے دیتی ہے۔

2000 کے پتھری بل فرضی انکاؤنٹر اور 2010 کے مچل فرضی انکاؤنٹر کے واقعات بھارتی فوج کے اس گھناؤنے عمل کی واضح مثالیں ہیں۔ ضلع اننت ناگ میں پتھری بل جعلی مقابلے نے جموں و کشمیر کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اس کیس کو بھارتی فوج نے تقریباً 14 سال بعد بند کر دیا۔

سی بی آئی نے 2006 میں جعلی مقابلے میں 5 فوجیوں کو قصور وار ٹھہرایا، سی بی آئی نے تحقیقات کے بعد کہا کہ ساتویں راشٹریہ رائفلز کے افسران بریگیڈیر اجے سکسینہ، لیفٹیننٹ کرنل برہیندر پرتاپ سنگھ، میجر سوربھ شرما، میجر امیت سکسینہ اور صوبیدار ادریس خاں نے جعلی مقابلے کا ڈراما رچاتے ہوئے 5 بے قصور شہریوں کو جنوبی کشمیر میں چٹی سنگھ پورہ میں سکھوں پر حملے میں ملوث دہشت گرد قرار دیتے ہوئے گولیاں ماریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں