کراچی: شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک جب کہ تین فرار ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں اسٹیل ٹاؤن میں سی آئی اے پولیس کا اغوا کاروں سے مبینہ مقابلہ ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اغوا کار ہلاک اور ان کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔
ایس ایس پی امجد حیات نے بتایا کہ اغوا کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تھا، اے وی سی سی اور اے وی ایل سی نے مشترکہ آپریشن کیا، ہلاک ملزمان کا تعلق بین الصوبائی اغوا کار گروپ سے تھا، جن کی شناخت شہباز، نذیر اور منصور کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان سے کار بھی برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے کچھ روز قبل شہری کو کراچی سے اغوا کر کے تاوان طلب کیا تھا، ملزمان نے خانیوال میں بھی اغوا برائے تاوان کی واردات کی تھی اور وہ خانیوال سمیت ملتان میں بھی وارداتوں میں ملوث تھے۔
ادھر کراچی کے علاقے جہانگیر آباد میں بھی ایک پولیس مقابلے میں ایک زخمی سمیت 6 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان میں دانش، سرفراز، سمیر، محمد، زوہیب اور عمیر شامل ہیں، ملزمان نے کیش وین لوٹنے کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے، یہ ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔