کراچی: برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی 3 رکنی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے، این سی اے ٹیم نے کراچی میں ایف آئی اے حکام سے ملاقات کی، جس میں ٹڈاپ اسکینڈل کیس سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق این سی اے کی ٹیم نے کراچی پہنچ کر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام سے اہم ملاقات کی، غیر ملکی اہل کاروں نے برطانیہ میں مفرور ملزم فرحان جونیجو سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔
فرحان جونیجو نے بہ طور پی ایس ٹو کامرس منسٹر رقم بیرون ملک منتقل کی تھی، درجنوں جعلی کمپنیوں کے نام پر اربوں کے جعلی فریٹ ریفنڈ وصول کیے گئے۔
برطانوی ٹیم نے اسٹیٹ بینک میں فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے اجلاس میں بھی شرکت کی، حکام کی جانب سے منی لانڈرنگ کیسز سے متعلق ٹیم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس : فرحان جونیجو کی لندن میں جائیداد اور منی ٹریل سامنے آگئی
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار اور پھر ضمانت پر رہا ہونے والے پاکستانی شہری فرحان جونیجو کی جائیداد اور منی ٹریل سامنے آئی تھی، بتایا گیا تھا کہ ملزم نے 2012 میں 35 ملین ڈالر دبئی بھیجے۔
انکشاف ہوا تھا کہ ایکسچینج کمپنی سے رقم ملزم کی والدہ مسز شمیم نبی شر کے سوئس اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی تھی، اس کے علاوہ دبئی سے ہی 250 ملین روپے برطانیہ بھیجے گئے، یہ رقم فرحان جونیجو نے دبئی سے اپنی اہلیہ مسز بینش قریشی کے اکاؤنٹس میں بھیجی۔
اس کے علاوہ 10 ہزار ڈالر امریکا میں ریحان جونیجو کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے، ریحان جونیجو اور افشاں جونیجو ملزم فرحان جونیجو کے بھائی بہن ہیں، ملزم نے اس رقم سے لندن میں جائیداد خریدی۔