کراچی: گارڈن سے صدر کی جانب جانے والی شاہراہ کو بند ہوئے 3 ماہ گزر گئے مگر اب تک 15 گز کی سڑک نہ بن سکی، پولیس ہیڈ کوارٹرز کے سامنے ہونے والے مرمتی کام کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں گارڈن ہیڈ کوارٹرز روڈ پر ایک حصہ عام ٹریفک کے لیے 3 ماہ سے بند ہے، پولیس ہیڈکوارٹرز کے بالکل سامنے نالے کی مرمت کا کام 3 ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں کیا جا سکا ہے۔
جس برساتی نالے پر ترقیاتی کام جاری ہے بارشوں کے دوران اس کے بھرنے کی وجہ سے پانی نکل کر سڑک پر جمع ہو جاتا تھا، نالے کی مرمت کے لیے متعلقہ اداروں نے روڈ کی کھدائی کا کام کر لیا ہے تاہم اس کے جلد مکمل ہونے کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔
سڑک کا صدر کی جانب سے آنے والا حصہ بند ہونے کے سبب گاڑیوں کے لیے محض ایک لین ہی استعمال ہو رہی ہے جس سے ٹریفک جام کا سامنا رہتا ہے، وہاں کے رہائشی اور گزرنے والی گاڑیوں کو موجودہ صورتحال میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔