راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے ہیں، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے ایل او سی پر فائرنگ بڑھا دی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، یہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، تاہم پاک فوج پر فائرنگ کے جواب میں پانچ بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
In efforts to divert attention from precarious situation in IOJ&K,Indian Army increases firing along LOC.
3 Pakistani soldiers embraced shahadat. Pakistan Army responded effectively. 5 Indian soldiers killed, many injured, bunkers damaged. Intermittent exchange of fire continues. pic.twitter.com/wx1RoYdiKE— DG ISPR (@OfficialDGISPR) August 15, 2019
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کے کئی بنکرز تباہ ہو گئے، بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں سے خانیوال کا شہید نائیک تنویر 14 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، شہید نائیک تنویر نے پس ماندگان میں ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
لاہور کے شہید لانس نائیک تیمور 8 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، شہید لانس نائیک تیمور کی ایک بیٹی ہے۔
خانیوال کے شہید سپاہی رمضان 3 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔