بارسلونا: اسپین میں کرونا وائرس کی وبا کی صورت حال ایک بار پھر تشویش ناک ہو گئی ہے، 3 صوبے کرونا کے آگے بے بس ہو گئے ہیں، وزیر اعظم سے ایمرجنسی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے صوبے کاتالونیا نے مرکزی حکومت سے ایمرجنسی نافذ کرنے کی درخواست کی ہے، ادھر حکومت نے کہا ہے کہ کرونا وبا بے قابو ہونے کے باعث رات میں کرفیو نافذ کیا جائے گا۔
ہسپانوی وزیر اعظم سانچیس نے قوم کو خبردار کر دیا ہے کہ کرونا کے باعث آنے والے مہینے مشکل ہیں، صورت حال بہت زیادہ خراب ہو گئی ہے، دوبارہ لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے نقل وحرکت محدود کر دیں۔
وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملاقاتوں اور سماجی میٹنگز کو کم سے کم کر دیں، کیوں کہ اسپین میں کرونا کیسز اور اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسپین کرونا وائرس کیسز کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کے 215 ممالک میں سے 5 ویں نمبر پر ہے، جہاں کیسز 11 لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں، جب کہ اموات بڑھ کر 34,752 ہو چکی ہیں۔
ادھر یورپی ملک جمہوریہ آسٹریا میں بھی کرونا وائرس کی دوسری لہر شدید ہونے لگی ہے، جہاں ایک روز میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2435 ہو گئی ہے۔
آسٹریا میں اب تک مجموعی متاثرہ افراد کی تعداد 71844 جب کہ کرون سے اموات 942 ہو چکی ہیں، آسٹریا کے وزیر اعظم نے بھی عوام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کی ہے۔