بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم، کراچی کے مختلف علاقوں میں مزید کارروائیاں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم کے دوران سندھ فورڈ اتھارٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں مضر صحت اشیا کے خلاف کارروائیاں کیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے بنارس کالونی، علی گڑھ کالونی، اور لیاقت آباد کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مصالحہ جات میں ملاوٹ کرنے والی 3 فیکٹریاں سیل کر دیں۔

کارروائیاں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر سمیرا حسین کی سربراہی میں کی گئیں، مختلف علاقوں میں مصالحہ جات میں ملاوٹ اور مضر صحت ٹیکسٹائل کلر استعمال کیا جا رہا تھا، مصالحہ جات میں چاول کا چھلکا اور لکڑی کا برادہ بھی ملایا جا رہا تھا، ڈپٹی ڈائریکٹر نے فیکٹری سربمہر کر دی اور نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے۔

دوسری طرف لیاقت آباد کے علاقے میں 250 کلو غیر معیاری دال بھی قبضے میں لے لی گئی۔

مصالحوں میں ٹیکسٹائل کلر، برادہ، چاول کا چھلکا ملانے کا انکشاف

خیال رہے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ملاوٹ والے مصالحہ جات سے جگر اور کینسر کی مہلک بیماریاں لا حق ہو سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ 6 دن قبل بھی سندھ فوڈ اتھارٹی نے ضلع غربی کے علاقے پیر آباد اور ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں مختلف مصالحہ فیکٹریوں پر چھاپے مار کر ایک فیکٹری سیل کر دی تھی جب کہ ایک فیکٹری کو وارننگ جاری کی گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں