میرپور: آزاد کشمیر میں کرونا وائرس میں مبتلا 3 خواتین انتقال کر گئیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں کرونا کی دوسری لہر شدید ہے، اس لیے عوام احتیاط کریں، آج تین خواتین کا کو وِڈ نائنٹین کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔
ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ 2 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، جب کہ 100 علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، میرپور آزاد کشمیر میں کرونا صورت حال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلع میرپور میں داخل ہونے اور باہر جانے کے لیے معقول وجہ بتاناہوگی۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 25 مریض جاں بحق
ڈپٹی کمشنر کے مطابق میرپور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کی جائیگی، جس کے لیے پولیس افسران اور مجسٹریٹ تعینات کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ میرپور میں کرونا کی پہلی لہر کے دوران پہلا کیس مارچ میں سامنے آیا تھا، جب کہ پہلے مریض کا انتقال 23 مارچ کو ہوا تھا۔ تاہم اب دوسری لہر کے دوران ایک بار پھر کرونا نے شدت پکڑ لی ہے، چند دن قبل 2 ماہر ڈاکٹروں اور 2 حقیقی بھائیوں سمیت 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔