کراچی : شہر قائد ایک اور بچہ انتظامیہ کی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گیا، مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں 3 سالہ بچہ گر کرجاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مین ہولز میں گر کر بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
مواچھ گوٹھ کے نور شاہ محلے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں تین سال کا عبدالرحمان کھلے مین ہول میں گر کرجاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے حب ریور روڈ پر احتجاج کیا، احتجاج کے باعث حب ریورروڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگیا۔
مظاہرین نے کہا ہم نے اپنی مدد اپ کے تحت بچے کو گٹرسے نکالا، رواں برس کے دوران ہمارے علاقے میں یہ دوسرا واقعہ ہے، پہلےبھی ایسےواقعے میں قیمتی جان جا چکی ہے، حکام نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔
مزید پڑھیں : کراچی : ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا
یاد رہے گذشتہ ماہ بھی سرجانی ٹاؤن کے علاقے حسن بروہی گوٹھ میں ایک بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا، بچےکی شناخت 3سال کے اسداللہ ولد محمد فیصل کے نام سے ہوئی تھی۔
اس سے قبل جنوری میں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی دو نمبر کے قریب 8 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا تھا۔