وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50فیصد اضافے کا مطالبہ کیا جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار تنخواہوں میں 20فیصد اضافہ کرنے کے لئے بضد تھے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر ڈیڈلاک ہو گیا تاہم وزیراعظم نے مشاورت کے بعد تنخواہوں میں 30 سے35 فیصد اضافےکی منظوری دیدی۔
گریڈ ایک سے 16سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصداضافے اور گریڈ 17سے اوپر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30فیصد اضافےکی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنشن میں 17.5فیصد اضافے کی منظوری دیدی۔
وفاقی کابینہ نے مالیاتی بل 2023 کی منظوری دیدی ہے۔ دستاویز کے مطابق بجٹ کا مجموعی حجم 14 ہزار 460 ارب روپے ہے۔ بجٹ میں نان ٹیکس ریونیو 2963 ارب مقرر کیا گیا ہے۔
بجٹ میں صوبوں کو 5276 ارب روپے دیئےجائیں گے۔ دفاعی بجٹ 1804 ارب روپے ہوگا۔ سود اور قرضوں کی ادائیگی پر7303 ارب روپے خرچ ہوں گے۔