تازہ ترین

ملائیشیا: نجیب رزاق کے گھر سے کروڑوں ڈالرز نقد اور قیمتی اشیاء برآمد

کوالالمپور : پولیس نے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے گھر پر چھاپہ مار کر 300 کروڑ ڈالر، قیمتی ہینڈ بیگ، پر تعیش گھڑیاں اور زیورات قبضے میں لے لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے نو منتخب وزیر اعظم مہاتیر محمد نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کے کرپٹ افسران اور وزرا کے خلاف چھان بین کا آغاز کرتے ہوئے ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملائیشین پولیس نے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے پر تعیش اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 400 ہینڈ بیگ اور 300 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم برآمد کی ہے۔

ملائشین پولیس کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کے کولالمپور میں واقع اپارٹمنٹ سے نقد رقم اور ہینڈ بیگ کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں مہنگی گھڑیاں اور زیورات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے قومی مالیاتی ادارے میں کروڑوں ڈالرز کی خرد برد کرنے کے الزام میں نجیب رزاق کے گھر سمیت 12 مقامات پر سرچ آپریشن کیا ہے۔

واضح رہے کہ چھ دہایئوں سے زائد عرصے تک ملائیشیا پر حکومت کرنے والی نجیب رزاق کی حکومت حالیہ عام انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی کرنے والے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد اور ان کی اتحادی جماعتوں نے شکست دی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نجیب رزاق کے خلاف قومی خزانے میں کروڑوں ڈالرز کی کرپشن کرنے کے الزامات عائد ہیں جس کے باعث ملائیشیا کی عوام میں بھی ان کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نجیب کے پاس سے برآمد ہونے والے مال کے حوالے بہت قیاس آرئیاں کی جارہی ہیں، اطلاعات ہیں کہ سابق وزیر اعظم سے برآمد ہونے والا مال اتنی مقدار میں تھا کہ اسے 5 ٹرکوں میں بھر کر خفیہ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

ملائیشین پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نجیب رزاق کے پاس سے 26 ملکوں کی کرنسی برآمد ہوئی ہے جس کی کل قیمت 11 کروڑ 40 لاکھ رینگٹ (ملائیشین روپے) ہے۔

پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ اپارٹمنٹ میں موجود بیگوں میں سے 35 بیگز میں نقد رقم، 37 بیگز میں قیمتی گھڑیاں اور زیورات موجود تھے جبکہ 284 ڈبّوں میں انتہائی مہنگے ہینڈ بیگ برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں نے مذکورہ ٹاور کے ایک اور اپارٹمنٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 150 بیگ قبضے میں لیے گئے ہیں جہاں نجیب رزاق کی بیٹی رہائش پذیر تھی۔

پولیس سربراہ امر سنگھ کا کہنا تھا کہ نجیب رزاق کی رہائش گا سے برآمد ہونے والے قیمتی بیگز کی تصاویر پیرس بھیجوائی گئی ہیں تاکہ ان کی قیمت معلوم کی جاسکے۔


ملائیشیا:سابق وزیراعظم پر کرپشن الزامات کے سبب بیرون ملک سفر پر پابندی عائد


یاد رہے کہ ملائیشیا کے نو منتخب وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر ملک سے باہر جانے پر پابندی لگاتے ہوئے نام ای سی ایل میں شامل کردیا تھا۔

خیال رہے کہ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر سنہ 2015 میں قومی مالیاتی ادارے کے فنڈ میں 70 کروڑ ڈالرز کی خرد برد کا الزام لگا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -