جاپان سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری شخص نے اپنی نیند کی انوکھی مگر دلچسپ عادت کا دعویٰ کر کے ہر کسی کو حیران کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ ڈیسوکے ہوری کا دعویٰ ہے کہ وہ گزشتہ 12 سالوں سے دن میں صرف 30 منٹ سوتے ہیں اور ایسا کرنے سے ان کی کام کی کارکردگی میں کافی بہتری آئی ہے۔
ڈیسوکے ہوری نے 12 سالوں کے دوران کم سے کم نیند کی عادت ڈال کر اپنے دماغ اور جسم کو معمول کے مطابق کام کرنے کی تربیت دی۔
انہوں نے 12 سال قبل اپنی نیند کے شیڈول کے ساتھ انوکھا تجربہ کرنے کا ارادہ کیا تاکہ وہ ہر روز زیادہ فعال رہ سکیں۔ آہستہ آہستہ انہوں نے اپنی نیند صرف 30 سے 45 منٹ تک کم کر دی۔
ایک ٹی وی چینل سے گفتگو میں ڈیسوکے ہوری نے بتایا کہ جن لوگوں کو اپنے کام میں مستقل توجہ کی ضرورت ہوتی ہے وہ لمبی نیند کے بجائے اعلیٰ معیار کی نیند سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مثال کے طور پر ڈاکٹروں اور فائر فائٹرز کے آرام کی مدت کم ہوتی ہے لیکن وہ پھر بھی اپنی اعلیٰ کارکردگی کو برقرار رکھتے ہیں، آپ کھانے سے ایک گھنٹہ پہلے کھیل یا کافی پینے سے غنودگی کو دور کر سکتے ہیں۔
جاپانی ٹی وی چینل نے ڈیسوکے ہوری کو ایک رئیلٹی شو میں مدعو کیا تاکہ ان کے دعوؤں کا مزید قریب سے جائزہ لیا جا سکے۔
شو کے دوران ڈیسوکے ہوری صرف 26 منٹ کیلیے سوئے اور اٹھنے کے بعد بالکل تر و تازہ نظر آئے، یہاں تک کہ انہوں نے جم میں ورزش کر کے لوگوں کو حیران کیا۔
ڈیسوکے ہوری کی مختصر نیند کی انوکھی مگر دلچسپ عادت نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی ہے۔