کراچی : پولیس ٹریننگ سینٹرز سے 3100 پولیس اہلکار شہر میں اسٹریٹ کرائم کریمنلز کیخلاف کارروائی کیلئے بھیج دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ کی ہدایات پر اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے حکمت عملی تیار کر لی ۔
کراچی کے پولیس ٹریننگ سینٹرز سے 3100 پولیس اہلکار شہر کے تینوں زونز میں اسٹریٹ کرائم کریمنلز کیخلاف کارروائی کیلئے بھیج دیے گئے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شاہد حیات پولیس ٹریننگ سینٹر سے 1 ہزار اہلکاروں کو ساوٴتھ زون اور شاہد حیات پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد سے نو سو اہلکاروں کو ویسٹ زون بھیجا گیا ہے۔
حکم نامے میں بتایا گیا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد سے 1200 پولیس اہلکاروں کو ایسٹ زون بھیجا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریننگ سینٹرز سے فیلڈ میں آنیوالے اہلکاروں کو تھانیداروں کی نگرانی میں رش آوورزمیں اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے ہاٹ اسپاٹ پرتھانہ پولیس کیساتھ تعینات کیا جائے گا۔
اہلکاروں کی مدد سے پولیس اسنیپ چیکنگ اور گشت میں بھی بہتری آئے گی ، اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے اہلکار تین شفٹوں میں سڑکوں پر تعینات کئے جائیں گے۔