لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان حامد عتیق نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت 32 ہزار 640 افراد نے اپنے اثاثے ڈکلیئر کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایف بی آر سے 67 ہزار 805 افراد نے رابطہ کیا ہے، اب تک 32 ہزار سے زائد افراد نے اثاثے ڈکلیئر کیے ہیں۔
ترجمان حامد عتیق نے کہا کہ 32 ہزار 165 افراد کے کیس فائلنگ مرحلے میں ہیں، جب کہ گزشتہ سال اسکیم سے 49 ہزار افراد نے استفادہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ دو دن قبل فیڈرل بورآف ریونیو کے چیف کمشنر سید ندیم حسین نے کہا تھا کہ بے نامی اثاثے ظاہر کرنے کے حوالے متعارف کرائی جانے والی ایمنسٹی اسکیم کے مثبت نتایج سامنے آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے اثاثےظاہرکرنے کی اسکیم میں بڑی رعایت کا اعلان کردیا
انھوں نے کہا کہ 30 جون کے بعد ایمنسٹی نہ لینے والے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، آئی ایم ایف نے 35 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کاٹا سک دیا ہے۔
دوسری طرف ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا آج آخری دن ہے جس میں صرف چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اسکیم میں مدت کی توسیع کے تمام خدشات کو دور کر دیا ہے، انھوں واضح الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے ایمنسٹی اسکیم پراعتراض کیا تھا اور اسکیم میں مزید توسیع کی بھی مخالفت کی ہے، آئی ایم ایف کی ترجمان ٹریسا ڈبن ساشیز کا کہنا ہے کہ توسیع سے پاکستان کے کیس پر اثر پڑے گا۔