برازیلیا: برازیل میں دریا پر بنا پل اچانک منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادازرے کی رپورٹ کے مطابق برازیل میں کرسمس تقریب کے دوران حادثہ ہوا جوئن ول شہر میں دریا پر بنے پل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا۔
پل گرنے سے فٹ پاتھ پر کھڑے درجنوں افراد دریا میں جاگرے، حادثے میں زخمیوں کی تعداد 33 بتائی گئی جن میں 12 بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کا ہولناک منظر کیمرے کی آنکھ میں قید ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فٹ پاتھ پر لوگ کھڑے ہیں اچانک ہی پل کا ایک حصہ منہدم ہوجاتا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
یہ فوری طور پر واضح نہی ہوسکا کہ لوگ دریا میں گرے یا ابھرے ہوئے فٹ پاتھ کے نیچے دریا کے کنارے پر گرے تاہم ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پل کا ایک حصہ گرنے کے بعد لوگ اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو باہر نکال رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، تاہم تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔