پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 33ویں نیشنل گیمز کا افتتاح کردیا، ایونٹ میں مختلف کیٹگریز میں کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل گیمز کا میدان اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں سج گیا، صوبے کے وزیراعلیٰ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور گیمز کا افتتاح کیا، صوبائی حکومت کی جانب سے کھیل کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔
نیشنل گیمز میں ملک بھر سے دس ہزار سے زائد مردوخواتین کھلاڑی شریک ہوں گے، ایتھلیٹس نے قومی ریکارڈ توڑنے کا عزم ظاہر کیا، کھلاڑی تیس مختلف کھیلوں میں پنجہ آزمائی کریں گے۔
سی سی پی او کا کہنا ہے کہ نیشنل گیمز کے لیے 5ہزار کے قریب اہلکار تعینات ہوں گے، کھلاڑیوں کو خصوصی سیکیورٹی حصار میں گراؤنڈ پہنچایا گیا، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے لیے بڑی عمارتوں پر ماہرنشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔
نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے: وزیر اعلیٰ کے پی
واضح رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں نو سال بعد 33 ویں نیشنل گیمز کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کے لیے حکومت نے 17 کروڑ روپے جاری کیے تھے، صوبائی وزیر کھیل عاطف خان نے کہا تھا 5 ہزار سے زاید کھلاڑی اس میں شرکت کریں گے، یہ مقابلے پشاور، مردان اور کوہاٹ میں ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ذرایع نے کہا تھا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ایونٹ پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی کوشش کی تھی، اس کا کہنا تھا قیوم اسٹیڈیم کا ایتھلیٹکس ٹریک اس قابل نہیں کہ یہاں مقابلے ہوں، دوسری طرف کے پی حکومت قیوم اسٹیڈیم میں ہی ایتھلیٹکس ایونٹ کرانے کی خواہش مند تھی۔