اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سیلف قرنطینہ کا تیسرا دن

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ چین سے واپسی کے بعد 5 روز کے لیے ’’سیلف قرنطینہ‘‘ کا فیصلہ کیا تھا، آج قرنطینہ کا تیسرا دن ہے، اے آر وائی نیوز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چین میں موجود پاکستانی طلبہ اب کرونا کے ڈر سے باہر آ گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سیلف قرنطینہ میں جانے والے وزیر خارجہ شاہ محمود تیسرے روز بھی ضروری دفتری امور گھر سے جاری رکھے ہوئے ہیں، انھوں نے تمام رکی ہوئی دفتری فائلوں کو دیکھا اور احکامات صادر کیے۔ فون پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چین میں موجود پاکستانی طلبہ کرونا کے ڈر سے باہر آ گئے ہیں، پاکستانی طلبہ نے اعتراف کیا کہ چین میں ان کا خیال رکھا گیا، طلبہ نے پاکستانی کھانوں کی درخواست کی تھی جس پر ان کے لیے پاکستانی کھانا چین بھجوایا گیا ہے۔

چین کے شہر ووہان میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا روانہ

- Advertisement -

وزیر خارجہ نے قوم سے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اور ہدایات کی پیروی کریں، اجتماعات، ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کیا جائے، مصافحہ اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، پاکستانی قوم نے ہمیشہ کڑے وقت میں اتحاد اور یک جہتی کا ثبوت دیا، توقع ہے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں بھی قوم سرخ رو ہوگی، کوئی بھی حکومت تنہا اس کٹھن چیلنج کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کی طرح اس وائرس کو شکست دینے کے لیے قوم کو متحد ہونا ہوگا، حکومت آپ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، جنھیں مؤثر بنانے کے لیے عوام کی طرف سے بھرپور تعاون کی ضرورت ہوگی، حکومت بھی لمحہ بہ لمحہ تمام صورت حال سے عوام کو باخبر رکھے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں